قلات میں گیس کا مسئلہ، میر کبیر کی سینیٹ رکنیت سے استعفے کی دھمکی

433

اسلام آباد ( آئی این پی )سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس میں سینیٹر میر کبیر نے قلات میں گیس کا مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں سینیٹ سے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی ۔پیر کو سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقے کا اجلاس سینیٹر عثمان خان کاکڑکی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر میر کبیر نے کہا کہ ہم وفاق سے مایوس ہو چکے ہیں، وفاق ہماری بات بالکل نہیں مانتا،ہماری باتوں کو بالکل نہیں سنا جاتا، قلات کو گیس فراہم کرنا ہو گی ، ایوان بالا سے منظور شدہ قرار داد پر عمل نہ ہواتو پہلے احتجاج کروں گا، مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میں سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوجاؤں گا، بلوچستان کے شدید سرد علاقوں میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے انسانی جانیں خطرے میں ہوتی ہیں۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر عثمان خان کاکٹر نے گیس کی سلیبز بلوچستان میں صفر سے پانچ سو اور پانچ سو سے ایک ہزار تک بنانے اور گیس پر ٹیرف میں رعایت کے حوالے سے ایوان بالا سے متفقہ طور پر منظو ر ہونے والی قرار داد پر عملدرآمد نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس پیداواری صوبہ بلوچستان میں گیس موجود نہیں اور بعض اضلاع جہاں درجہ حرارت منفی 18 تک ہوتا ہے گیس پریشر کم ہے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں اوگرا حکام کو طلب کر لیا۔