علی نوازکیس پر سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے ، خورشید شاہ

206

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے علی نواز شاہ کیس پر سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ سوموٹو ایکشن لے ، علی نواز شاہ نے صاف ستھری سیاست کی ۔ کہتے ہیں کراچی میں امن آنے میں ایک سے دو سال لگ سکتے ہیں ۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا علی نواز شاہ نے صاف ستھری سیاست کی ، علی نواز شاہ صوبائی رکن اسمبلی ، سینیٹر اور وزیر رہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ علی نواز شاہ کے کیس پر سوموٹو نوٹس لیں۔ عدالت سے استفسار کریں گے کہ نیب نے یہ کیا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے، عدالت کا احترام کرتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا میں7 سال رکن پارلیمنٹ رہا ،میرے بیٹے کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر اعتراض کیوں ؟ معاملے کو میڈیا نے ضرورت سے زیادہ اچھالا ہے ۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا ایک طرف انصاف کی بات ، دوسری طرف بےگناہ لوگوں کو سزائیں دی جا رہی ہیں، نیب کا فیصلہ خطرناک ہے اس طرح لوگوں کا نیب عدالتوں سے اعتماد اٹھے گا۔

کراچی میں امن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کراچی میں امن قائم ہونے میں ایک سے دو سال لگ سکتے ہیں ، رینجرز کے مدد سے سندھ حکومت نے اندرون سندھ پچانوے فیصد امن قائم کر دیا ہے ، دہشت گردی، کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان پر مفاہمت نہیں ہو سکتی۔