امریکا جنوبی ایشیا میں بھارتی بالادستی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، جماعت اسلامی پنجاب

255

لاہور (وقائع نگار خصوصی) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے چیف مائیک پومپیو کے اس بیان کہ ’’پاکستان کو امریکی پالیسی پر عمل کرنا اور دہشت گردی کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہوگا‘‘ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا کو پاکستان سے ڈومور کا تقاضاکرنے کے بجائے اسے افغانستان میں بھارتی اثرورسوخ کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں حالات کی خرابی اور دہشت گردی کا ذمے دار خود امریکا اور بھارت ہے۔ امریکی حکومت اگر واقعی جنوبی ایشیا میں امن کا قیام چاہتی ہے تو اسے خطے میں بھارتی سرپرستی کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کو پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کی طرف سے اچھا پیغام دیا گیا ہے کہ اب پاکستان امریکا کے ڈومور مطالبے کو نہیں مانے گا۔ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ اپنا مرکزی کردار ادا کیا ہے اور اب بھی حکومت پاکستان افغان مسئلے کے حل کے لیے اپنی تمام ترکاوشیں کرے گی۔ امریکا کو بھی پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکا افغانستان سے نہیں نکلے گا اس وقت تک وہاں حالات معمول پر نہیں آسکتے۔ نائن الیون کے بعد امریکا نے افغانستان پر قبضہ کرکے لاکھوں افغان مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ عراق میں بھی امریکی جارحیت کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا۔ امریکا کو ان جنگوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے بجائے افغانستان اور عراق میں اپنی شکست سے سبق سیکھے اور جنوبی ایشیا میں بھارتی بالادستی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔