میڈیکل جامعات و کالجزمیں تعلیمی سال پہلی بار جنوری سے شروع ہوگا

283

کراچی(رپورٹ:قاضی عمران احمد)سندھ کی میڈیکل یونی ورسٹیز اور کالجز میں داخلے کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد جمعرات کو نتائج کو حتمی شکل دینے کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ساتھ اجلاس طلب کر لیا۔ صوبے میں پہلی مرتبہ حکومت سندھ کی جلد بازی کے باعث میڈیکل یونی ورسٹیز اور کالجز میں تعلیمی سال نومبر کے بجائے جنوری سے شروع ہوگا۔سندھ ہائی کورٹ نے این ٹی ایس سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے امتحانی نتائج برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حکم کے بعد داخلہ کمیٹی کے چیئرمین اور ڈاؤ یونی ورسٹی
ہیلتھ اینڈ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی نے جمعرات کو سندھ کی تمام میڈیکل یونی ورسٹیز اور کالجز کے ڈائریکٹرز ایڈمیشن اور نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ریجنل ڈائریکٹر کے ساتھ ایک اجلاس طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں داخلہ امتحان کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے بات کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عدالت میں این ٹی ایس کی جانب سے 2 سوالات کے غلط چھپ جانے کی غلطی تسلیم کیے جانے کے بعد ان سوالات کا فائدہ طلبہ و طالبات کو مساوی نمبرز کی صورت میں دیے جانے کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ این ٹی ایس کے ریجنل ڈائریکٹر سید مسعود حسن رضوی آج اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ اب تک کی کارروائی کے بارے میں این ٹی ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بریفنگ دیں گے اورجمعرات کو ہونے والے اجلاس کے حوالے سے ہدایات بھی لیں گے۔ علاوہ ازیں منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے این ٹی ایس کے نتائج کو برقرار رکھنے کے حکم کے بعد طلبہ نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کورٹ میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ محنت کی تھی اس کا پھل مل گیا،مستقبل میں ڈاکٹر بن کر قوم کی خدمت کریں گے۔ اس حوالے سے سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ عدالت نے مثبت فیصلہ دیا ہے، کمیٹی سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔