وفاق کی جانب سے فنڈز نہ ملنے پرکے فور منصوبہ مزید تاخیر کا شکار 

325

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کی تکمیل کے لیے وفاق سے منظور کردہ 9 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل نہیں ہوسکے گا۔ یاد رہے کہ کے فور پروجیکٹ کو شیڈول کے تحت آئندہ سال جون میں مکمل ہونا تھا تاہم منصوبے کے پیکیج بی کے کنٹریکٹ میں تاخیر ہونے کی وجہ سے اس کی تکمیل کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے ستمبر 2018 کا وقت دیا تھا۔ منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر سلیم صدیقی نے نمائندہ جسارت کے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کے فور کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کوارٹرلی فنڈز نہیں مل رہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال میں اب تک اسلام آباد سے کوئی رقم نہیں ملی حالانکہ اس
سال کے بجٹ میں وفاق نے منصوبے کے لیے 9 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے تھے۔ واضح رہے کہ کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی کے اس منصوبے کی منظوری سابق و نااہل وزیراعظم نواز شریف نے دی تھی۔منصوبے کے لیے سندھ اور وفاق کی جانب سے مساوی 50 فیصد فنڈز دیے جانے ہیں۔ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر 25 ارب روپے کی لاگت کا تھا تاہم اب اس کی لاگت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ وفاق کی جانب سے رواں سال کے بجٹ میں مختص کی رقم وقت پر نہ ملنے سے اس کی تکمیل میں مزید تاخیر کے ساتھ منصوبے کی لاگت میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سندھ حکومت نے پروجیکٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھ کر اس کا کنٹریکٹ وفاق کی نگرانی میں کام کرنے والے ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او ) کو دیا تھا۔ دریں اثناء کراچی کے شہریوں نے کے فور کی تکمیل میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے اس منصوبے کو جلد جلد مکمل کرانے کے لیے اقدامات کرے۔