کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ پے رول میں ڈائریکٹر کے کوائف میں ردو بدل کیے جانے کے انکشاف کے بعد میئر کراچی وسیم اختر نے ادارے کے 13 ہزار 7 سو ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے کمیٹی قائم کردی اور ڈائریکٹر پے رول کا تبادلہ کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ کے ایم سی کے ڈائریکٹر پے رول کی حیثیت سے تعینات ظفر اقبال نے مبینہ طور پر اپنی دستاویزات میں ازخود تبدیلی کی جس کے نتیجے میں ان کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں کم ازکم2 سال کا اضافہ ہوا۔ اس اطلاع پر میئر نے سخت ایکشن لیا اور ان کا تبادلہ کردیا۔ ظفر اقبال کی جگہ اشرف علی کو ڈائریکٹر پے رول مقرر کیا گیا
ہے۔ میئر وسیم اختر نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام افسران کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے3 رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس کے چیئرمین سینئر ڈائریکٹر پنشن عبدالجبار بھٹی ہیں۔کمیٹی تمام ملازمین کا ریکارڈ اور دستاویزات چیک کررہی ہے جس میں ملازمت اختیار کرنے کی تاریخ ، تاریخ پیدائش، اب تک ملنے والے انکریمنٹ اور ریٹائرمنٹ کی تاریخ شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈائریکٹر پے رول نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے2 انکریمنٹ حاصل کرکے تنخواہ میں اضافہ بھی کرلیا تھا۔ اسی وجہ سے تمام ملازمین کے ریکارڈ کی چھان بین کا آغاز کیا گیا ہے۔ خیال ہے کہ انکوائری کے بعد سابق ڈائریکٹر پے رول کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔