بیت المقدس میں جھڑپیں‘ 2فلسطینی شہید‘سیکڑوں زخمی

517
رام اللہ: صہیونی فوج احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر بدترین شلینگ کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں فوجی فائرنگ کررہے ہیں
رام اللہ: صہیونی فوج احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر بدترین شلینگ کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں فوجی فائرنگ کررہے ہیں

غزہ/امریکا/برطانیہ/یورپ/ایشیا( خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، جس میں امریکی فیصلے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے،فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی اپیل پر ملک بھر میں امریکی فیصلے کے خلاف یومِ غضب منایا جارہا ہے، امریکا، برطانیہ، یورپی اور ایشیائی ممالک سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں جبکہ مظاہرین کی جانب سے امریکی اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کے ساتھ ساتھ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے،اہل فلسطین امریکی اعلان کے ردعمل میں دوسرے روز بھی سراپا احتجاج رہے ، بعض علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی اور تعلیمی ادارے بھی بند رہے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین نے سڑکوں پر امریکی صدر کی تصاویر اور جھنڈے جلائے۔ غزہ، مغربی کنارے، خان یونس، بیت الحم اور رام اللہ میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے خلاف مظاہرے کیے۔ عرب میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز صیہونی افواج نے مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس شیل اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2فلسطینی شہید اور 250سے زائد زخمی ہو گئے۔فلسطینی وزارت صحت نے بھی اسرائیلی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں جنوبی غزہ میں 30سالہ محمد المرسی کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔امریکی فیصلے کے خلاف غزہ اور مغربی پٹی میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد 30سے زائد مقامات پر فلسطینیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ یاد رہے کہ فرانس، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی جانب سے امریکی فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج جاری

لاہور/اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ(خبر ایجنسیاں+نمائندگان جسارت) امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے اور امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور دیگر جماعتوں کی اپیل پرملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امریکا کے خلاف اور فلسطین کے حق میں بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے امریکی اعلان کی شدید مذمت کی اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ،نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی سمیت دیگر مذہبی جماعتوں اور تنظیموں نے بھرپور احتجا ج اور مظاہرے کیے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکی صدر اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے بھی نذرآتش کیے گئے اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ نماز جمعہ کے موقع پر علما کرام نے اپنے خطبات میں امریکی صدر کے فیصلے کی شدید مذمت کی اور مسلم امہ کو فلسطینی مظلومین اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا، کئی مساجد میں امریکی فیصلے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں مال روڈ پر مسجد شہدا کے مقام پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹرمپ نے امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا ۔ ٹرمپ کا اعلان پوری دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ مسلمان حکمران بزدلی کا رویہ چھوڑ کر ٹرمپ کے اعلان کے خلاف جرأ تمندی کا مظاہرہ کریں۔ مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی عالم اسلام کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے امریکا کی اسلام دشمنی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں اور اب امریکا ایک ایسی جنگ مسلط کرنے کا اعلان کر چکاہے جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو اب امریکی غلامی چھوڑ کر امت مسلمہ کی سرفرازی اور بیداری کے لیے ذمے داریاں پوری کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کا کوئی مہذب ملک امریکا کے اس شر انگیز اعلان کی حمایت نہیں کر سکتا ۔ ترکی،چین ، برطانیہ ، روس ، جرمنی ، فرانس اور دیگر بڑی عالمی قوتوں نے ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کرکے دنیا کو ایک تباہ کن جنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے جس سنجیدہ رویے کا اظہار کیاہے ، وہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو رابطہ عالم اسلامی کے اجلاس میں شرکت کر کے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرنی چاہیے اور مقبوضہ بیت المقدس کے خلاف امریکی و صہیونی ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان کو فرنٹ لائن پر نظر آناچاہیے تاکہ امت کی رہنمائی اور قیادت کا فرض پوراکیا جاسکے ۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع اور بعد ازاں مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اقوام متحدہ کی مقبوضہ بیت المقدس اورمقبوضہ کشمیر کے بارے میں قرار دادوں پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کے یہ دونوں مقبوضہ خطے ہندو ؤں اور یہودیوں کے قبضے میں ہیں، اس وقت عالم اسلام کے پاس اتحاد و یکجہتی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے گلستان جوہر میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو کوئی حق نہیں کہ وہ القدس کو اسرائیل کا دارلحکومت قراردیدے کیونکہ بیت المقدس آج بھی مقبوضہ علاقہ تصور کیا جاتا ہے ،کسی بھی مقبوضہ علاقے کو کوئی ملک اپنا دارلحکومت قرار نہیں دے سکتا،اقوام متحدہ ،اوآئی سی سمیت عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ٹرمپ کے ظالمانہ فیصلے اور مظلوم فلسطینی عوام کو آزادی دلانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ حیدرآباد میں پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس عالم اسلام کادل ہے بیت المقدس کواسرائیل کادارالحکومت تسلیم کرنے کاٹرمپ کادجالی فیصلہ نامنظورہے ،اسرائیل مسجداقصیٰ کوتباہ کرکے ہیکلِ سلیمانی تعمیرکرناچاہتاہے، بیت المقدس کادارالحکومت بنانااسی سازش کی کڑی ہے ،ہم رجب طیب اردوان کودوٹوک موقف اختیارکرنے پر بھرپورخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پشاور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام تاریخی جامع مسجد مہابت خان کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے امت مسلمہ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ القدس مسلمانوں کا تھا اور مسلمانوں کا ہی رہے گا ۔ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے ڈونلڈٹرمپ کی مسلمانوں سے دشمنی کھل کر سامنے آ گئی۔جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام رحمت آباد میں احتجاجی مظاہر ہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ طاغوتی قوتیں دنیا کے امن کوتباہ کرنے کی سازش کررہی ہیں، امریکا دنیا میں خانہ جنگی کراکراپنا اسلحہ فروخت کرنا چاہتاہے ۔فیصل آباد میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان نے کہا کہ ٹرمپ کے جارحانہ رویے نے دنیاکوتیسری عالمی جنگ کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ذرہ سی چنگاری بھی کسی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔جماعت اسلامی کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت ،لورالائی ،ژوب ،ڈیرہ مراد جمالی ،نصیر آباد،گوادر،تربت ،دکی ،لسبیلہ ،حب ودیگر اضلاع میں بھر پور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مساجد میں القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قراردینے کے خلاف قراردادیں پاس کی گئیں۔سکھر میں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو،بدین میں غلام رسول احمدانی، نوابشاہ میں سرور قریشی، ٹنڈوآدم میں عبدالغفور انصاری، جیکب آباد میں عبدالحفیظ بجارانی،کندھ کوٹ میں فاروق چنا، لاڑکانہ میں کاشف سعید شیخ،شکارپور میں عبدالرحمن مگریو،ہالا میں صوبائی نائب امیر محمد عظیم بلوچ نے خطاب کیا۔چوبرجی چوک لاہور پر احتجاجی جلسے سے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے خطاب کیا ۔ اکوڑہ خٹک میں جمعیت علما اسلام (س( کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں احتجاج ریلی نکالی گئی۔کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کی ریلی سے علی حسین نقوی نے خطاب کیا۔