کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف آج احتجاج کیا جائے گا،علی احمد گورایہ

196

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈ نے شوگرملوں اور حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف آج مورخہ 11دسمبر بروز سوموار کو صبح گیارہ بجے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ کسان بورڈ کے ڈویژن صدرعلی احمدگورایہ نے اعلان کیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ شوگرملوں اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کے خلاف پیر کو کاشتکار احتجاجاً ضلع کونسل چوک میں احتجاج اورڈی سی آفس کے سا منے دھرنادیں گے۔ احتجاج اور دھرنامیں چنیوٹ، گوجرہ، ٹوبہ، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، سمندری ، ستیانہ اورگردنواح سے گنے کے کاشتکارشرکت کریں گے۔علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ حکومت اورضلعی انتظامیہ کی بار ہا یقین دہانیوں کے باوجود گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملز مافیا لوٹنے میں مصروف ہے۔ سرکاری نرخ180کے بجائے کسانوں کو 130سے 150روپے فی من گنا فروخت کرنے پرمجبورکیاجارہاہے،ضلعی انتظامیہ کے نمائندے مقررہونے کے باوجودشوگرملیں کسانوں کی سال بھرکی کمائی دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں جبکہ کاشتکاروں کو گنے کی فصل پرآنے والے اخراجات بھی نہیں مل رہے جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسان بورڈپہلے مرحلے میں ضلع کونسل چوک میں احتجاج اوربعدازاں ڈی سی آفس کے سامنے دھرنے دے گا اور اگرمسائل حل نہ ہوئے تو ڈویژن بھر کی تمام اہم شاہراؤں کو گنے سے لدی ٹریکٹرٹرالیاں کھڑی کرکے ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بندکردی جائیں گی۔انہوں نے کسان بورڈکے تمام کارکنوں کو کل بروز سوموارکوگنے کی فصل سمیت دھرنے میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔