بھارت کا اپنے ہی ملک میں تیسرا سب سے کم اسکور

379
دھرم شالا:سری لنکن باؤلر سورنگا لکمل بھارتی بیٹسمین روہت شرما کی وکٹ حاصل کرنیکی اپیل کررہے ہیں
دھرم شالا:سری لنکن باؤلر سورنگا لکمل بھارتی بیٹسمین روہت شرما کی وکٹ حاصل کرنیکی اپیل کررہے ہیں

سید پرویز قیصر

دھرم شالہ میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کے تمام کھلاڑی 38.2 اوورز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جو اس کا اپنی سر زمین پر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسرا سب سے کم اسکور اور سری لنکا کے خلاف5واں سب سے کم اسکور ہے۔اپنی سر زمین پر ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کا سب سے کم اسکور 24.1 اوورز میں78 رنزہے جو اس نے24 دسمبر1986 کوکانپور میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف احمد آباد میں16 نومبر 1993 کو کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کے تمام کھلاڑی 28.3 اوورز میں 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے جو اس کا اپنے گھر پر دوسرا سب سے کم اسکور تھا۔سری لنکا کے خلاف بھارت کا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور26.3 اوورز میں 54 رنزہے جو اس نے شارجہ میں29 اکتوبر2000 کو بنایا تھا۔ بھارت کا اپنے گھر پر سری لنکا کے خلاف سب سے کم اسکور24.1 اوورز میں78 رنزہے جو اس نے24 دسمبر1986کوکانپور میں بنایا تھا۔ سری لنکا کا بھارت کے خلاف تیسرا سب سے کم اسکور26.3 اوورز میں103 رنزہے جو اس نے 29 اگست2008 کو بنایا تھا۔ یہی اسکور بھارت نے دمبولا میں 22 اگست2010 کو33.4 اوورز میں بنایا تھا۔دھرم شالہ میں بنایا گیا بھارت کا اسکور اپنی سر زمین پر پہلی اننگ میں بنایا گیا سب سے کم اسکور بھی ہے۔ اس سے پہلے بھارت کا اپنی سر زمین پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سب سے کم اسکور40.3 اوورز میں136 رنز تھا جو اس نے سری لنکا کے خلاف مارگاو میں 8 دسمبر1990 کو بنایا تھا۔ یہ سری لنکا کے خلاف بھارت کا چھٹا سب سے کم اسکور بھی ہے۔ بھارت کی آدھی ٹیم 13.2 اوور زمیں16 رنزکے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ یہ اسکور بھارت کا5ویں وکٹ کے گرنے پر سب سے کم تھا۔ اس سے قبل بھارت کا5ویں وکٹ کے نقصان پرسب سے کم اسکور17 تھا جو اس نے زمبابوے کے خلاف ٹانبرج ویلس میں18 جون1983کو بنایا تھا۔ اس عالمی کپ کے میچ میں کپل دیو کی شاندارسنچری (138 گیندوں پر16 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے 175 رنز کی بدولت 60 اوورز میں 8 وکٹ پر266 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کو57 اوورز میں 235 رنز پرآؤٹ کرنے کے بعد بھارت نے یہ میچ31 رنز سے جیت لیا تھا۔ کپل دیو کے آؤٹ ہوئے بغیر175رنز4 سال سے زیادہ عرصہ تک عالمی کپ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہا۔ ایک روزہ بین الاقوامی کر کٹ میں یہ بھارت کے لئے پہلی سنچری بھی تھی۔ بھارت میں 5وکٹوں کے نقصان پر بھارت کا پچھلا سب سے کم اسکور27 رنزتھا جو اس نے9 اوورز میں آسڑیلیا کے خلاف گوہاٹی میں 8 نومبر2009 کو بنایا تھا۔