کراچی آپریشن کا مقصد دہشتگردی کا خاتمہ ہے، نثار کھوڑو

222

وزیراطلاعات سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کراچی آپریشن کا مقصد ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے ، سندھ میں مقامی این جی اوز کی دوبارہ رجسٹریشن کی جائے گی ، سندھ میں سیکورٹی ایجنسیز میں کوئی غیرملکی ملازم نہیں ہو گا ، سندھ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا ، محرم الحرام میں سیکیورٹی کےخاص انتظامات کیے جائیں گے، کسی کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپیکس کمیٹی اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آج کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ کراچی آپریشن کا مقصد ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے، کراچی آپریشن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں ، اجلاس میں تمام ممبران نے سندھ حکومت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا ہم کراچی کو اور زیادہ خوبصورت اور عوام کی زندگی کو پرسکون بنانا چاہتے ہیں، صرف یہی نہیں کہ ہاتھ میں بندوق تھامی جائےبلکہ عوام کو ریلیف بھی دینا ہے۔

این جی اوز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نثارکھوڑو کا کہنا تھا این جی اوز کی سیکیورٹی کلیئرنس ہونی چاہیے ، سندھ میں مقامی این جی اوز کی دوبارہ رجسٹریشن کی جائے گی ، این جی اوز کی کارکردگی اور مالی وسائل پر نظر رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا سندھ میں انٹرنیشنل این جی اوز بھی کام کررہی ہیں ۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا اس وقت سندھ میں 257 سیکیورٹی کمپنیاں ہیں، انکی سیکیورٹی کلیئرنس ہونی چاہیے ، کسی سیکیورٹی ایجنسی میں کوئی غیر ملکی فنڈنگ نہیں ہو گی ، کسی سیکورٹی ایجنسی میں کوئی غیر ملکی ملازم نہیں ہو گا ، سیکیورٹی کمپنیز میں موجود ملازم کسی دہشتگردی کا نشانہ بن جائے تو کمپنی ان کو معاوضہ دے گی ۔

مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق نثار کھوڑو کا کہنا تھا مدارس کی رجسٹریشن سب سے بڑا مسئلہ ہے، ایک اندازے کیمطابق سندھ میں 9590 مدارس ہیں جن میں 6500 رجسٹرڈ ہیں، ان کا کہنا تھا نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام رجسٹرڈ مدارس کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کراچی میں ڈھائی ہزار کیمرے لگے ہوئے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا، محرم الحرام میں سیکیورٹی کےخاص انتظامات کیے جائیں گے، نفرت آمیز مواد پر خاص توجہ دی جائے گی۔

بقرعید پر کھالوں کے حوالے سے وزیراطلاعات نثار کھوڑو کا کہنا تھا کسی کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کسی کو کھالیں جمع کرنے سے نہیں روکا جائے گا مگر آڈٹ دینا ہو گا، کھالوں کے مسئلے پر کمشنر،ایڈمنسٹریٹر لائحہ عمل طے کریں گے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا علی نوازشاہ کو نیب نے سزا سنائی ہم نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہے ۔ نیب ،ایف آئی اےکےپاس جب کوئی کیس آتا ہےتو وہ کارروائی کرتے ہیں، ایف آئی اے یا نیب سوموٹو ایکشن نہیں لے سکتے۔ ان کا کہنا تھا اجلاس میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ آفتاب عالم کے قاتلوں کو پکڑ لیا گیا ہے، جتنا ہم نے ایکشن لیا اس کے اچھے نتائج ملے ہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا ایک ملٹری کورٹ سندھ میں قائم کی ہے جلد مزید کورٹس بھی قائم کی جائیں گی ۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، ایک اندازے کے مطابق 20 لاکھ افغان شہری موجود ہیں۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا صوبے میں جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، کالعدم تنظیموں پر نظر رکھیں گے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لیں۔