کرپشن کے خاتمہ کیلیے احتساب کا مؤثر نظام ناگزیر ہے ،میاں اسلم 

227

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کرپشن کو تمام ملکی مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر ملک کو کوڑی کوڑی کا محتاج کر دیاہے ۔ کرپشن کے خاتمہ کیلیے احتساب کا مؤثر نظام ناگزیر ہے ۔ سیاسی و معاشی دہشتگردوں نے ٹیکسوں اور بلوں کے نام پر عوام کا خون نچوڑ کر انہیں زندہ لاشوں میں تبدیل کردیاہے ۔ حکمران ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے قرضے خود کھاجاتے ہیں ان قرضوں کا بھی مکمل آڈٹ ہوناچاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سید لطیف الرحمن شاہ بھی موجود تھے ۔ میاں محمد اسلم نے کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں اور عوام کو مہنگائی ، غربت ، جہالت ، بے روزگاری اور بدامنی کے اندھیروں نے چاروں طرف سے گھیررکھاہے۔ حکمرانوں نے قومی خزانہ لوٹ کر ملک کو کنگال کردیاہے اور پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے اربوں ڈالر کا قرضہ لے کر قوم کو صیہونی مالیاتی اداروں کی غلامی میں جکڑدیاہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے جماعت اسلامی ملک کو لٹیروں کے چنگل سے آزادی دلانے کے لیے آخری حد تک جائے گی ۔ ہم نے سپریم کورٹ سے پاناما لیکس میں ملوث دیگر 436 ملزموں سمیت بینکوں سے قرضے لیکر ہڑپ کرنے اور قومی دولت کو بیرون ملک منتقل کرنے والوں کے احتساب کی درخواست کی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مشرف اور زرداری حکومتوں کا بھی مکمل آڈٹ ہونا چاہیے ۔میاں محمد اسلم نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کرپشن کے تمام دروازے بند کردے گی اور عوام کے بلوں اور ٹیکسوں سے جمع ہونے والا سرمایہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عام مزدور کی ماہانہ تنخواہ کم از کم تیس ہزار روپے مقرر کرے گی ۔ چاول ، گھی ، چینی ، دالیں اور آٹے کی قیمتوں پر سب سڈی دیں گے اور پانچ بڑی بیماریوں دل گردے ، ہیپاٹائٹس ، تھلیسیمیااور کینسر کا مفت علاج ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مدارس کو بھی سرکاری تعلیمی اداروں کا درجہ دے کر فنڈز مہیا کریگی اور علما کرام کو سرکاری خزانے سے تنخواہیں دی جائیں گی ۔