عوام اسلام پسند قوتو ں کو اقتدارسونپے،شمس الرحمن سواتی

173

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران بے حمیت اوربے غیرت ہوسکتے ہیں لیکن امت مسلمہ میں ابھی غیرت باقی ہے اوروہ مسجد اقصیٰ والقدس پرکسی صورت اسرائیلی غاصبوں کا قبضہ زیادہ دیربرداشت نہیں کرے گی ،ترک صدر طیب اردگان کی صورت ایک بارپھرسیدصلاح الدین ایوبی اٹھیں گے اور القدس کی جانب بڑھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے،14برس کے نوجوان پر پچاس پچاس فوجیوں کے ذریعے ہلہ بول کراس کی آنکھوں پرپٹی باندھ کرلے جانے والے اسرائیلی دہشت گرد ہی نہیں بزدل بھی ہیں، وہ ایٹمی اورہائیڈروجن بموں سے اس قدرخوفزدہ نہیں جتنا فلسطین کے بچوں اور بچیوں کے ہاتھوں میں غلیل اور پتھروں سے خوفزدہ ہیں رب کعبہ کی قسم مسلمانوں کے جسم میں جب تک خون کا آخری قطرہ باقی ہے وہ القدس اورمکہ مکرمہ ومدینہ منورہ کے دفاع کیلیے لڑیں گے اور القدس کے بعد مدینہ منورہ پر قابض ہونے کی اسرائیلی سازش کو اللہ کی نصرت سے اسی پرالٹ دیں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے دولتالہ ،جاتلی سمیت دیگرعلاقوں میں سیرت النبی ﷺ کے بڑے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیرضلع راجا محمدجواد سمیت دیگرمقامی رہنماؤں اورعلمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلمان اس وجہ سے کمزورہیں کیونکہ اسلامی ممالک کے حکمران امریکا سمیت عالمی استعمارکے غلامو ں کا کردار ادا کررہے ہیں یہودی صرف مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر نہیں بلکہ مدینہ منورہ پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔ بیت المقدس کے مسئلے پر مسلم ممالک کے عوام ایک طرف اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں ۔ لیکن امہ کی حمیت کبھی بھی اپنے ایمان پرامریکا واسرائیل کی غلامی کوترجیح نہیں دے گی اور بہت جلد وہ وقت آنے والا ہے جب دنیا پراسلام کا غلبہ ہوگا، پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ نافذ ہوگا اور کرپٹ ٹولہ جیلوں میں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ عوام اسلام پسند اور نظریہ پاکستان پریقین رکھنے والی قوتو ں کو اقتدار سونپیں تاکہ پاکستان سمیت امت مسلمہ کے زوال کا رستہ روکا جاسکے۔