اہم خبریں

349

پشاور ہائیکورٹ: احسان اللہ احسان کو رہا نہ کرنے کا حکم

پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو رہائی نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کا کیس نمٹا دیا۔ بدھ کو پشاور ہائیکورٹ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے سامنے حکومت کی طرف سے ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خطرہ ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے ذمے دار کو معافی دیدی جائے گی۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، ادارے ملزم سے تفتیش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے دونوں جانب سے دلائل اور موقف سننے کے بعد حکومت کو احسان اللہ احسان کو رہائی نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

امر یکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کا معاملہ، چیئر مین سینیٹ نے تحریک التوا نمٹا دی

اسلام آباد(اے پی پی)چیئرمین سینیٹ نے امریکا کی طرف سے سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی صدر کے اعلان کے حوالے سے تحریک التواکی منظوری کا معاملہ نمٹا دیا۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اس حوالے سے سینیٹر سراج الحق،فرحت اﷲ بابراور مشاہد حسین سید کی تحریک التوا کی منظوری کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا تاہم چیئرمین نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے ہی بحث ہو چکی ہے، مزید بحث کی ضرورت نہیں ہے۔

مردم و خانہ شماری 2017ء، 5 فیصد بلاکس کے ازسرنو جائزے کیلیے اقدامات کا آغاز

اسلام آباد (اے پی پی) حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں مردم و خانہ شماری 2017ء کے 5 فیصد بلاکس کا از سر نو جائزہ یا تصدیق کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا ہے، تھرڈ پارٹی سے مردم شماری کے چاروں صوبوں، اسلام آباد اور فاٹا کے 8177 بلاکس میں سے 407 بلاکس میں از سر نو جائزہ یا تصدیق کا عمل مکمل کرایاجائے گا۔ اس کے لیے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

وزیراعظم ترکی سے لندن پہنچ گئے نواز شریف سے ملاقات کرینگے

لندن (آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترکی سے لندن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم استنبول سے لٹن ائرپورٹ پہنچے، شہباز شریف اور خواجہ آصف بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ شاہد خاقان نواز شریف سے ملاقات اور کلثوم نواز کی عیادت کے بعد وطن روانہ ہوں گے۔

حکومت بل ایجنڈے پر لانے کے بعد واپس لے سکتی ہے‘ ا سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قانون کے تحت حکومت کوئی بل ایجنڈے پر لانے کے بعد اسے واپس لے سکتی ہے تاہم پہلے اس بل کا ہوم ورک مکمل کرکے پھراسے لایا جانا چاہیے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اتفاق رائے کے حامل بل کو واپس لینے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے جس پراسپیکر نے کہا کہ رولز کے تحت حکومت بل لاکر واپس لے سکتی ہے۔

عدالت عظمیٰ: سیمنٹ فیکٹری کو کٹاس راج تالاب پانی سے بھرنے کا حکم

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے کٹاس راج مندر کے تالاب سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری کو کٹاس راج مندر کا تالاب ایک ہفتے میں پانی سے بھرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے جبکہ عدالت نے سیمنٹ فیکٹری کا غیر قانونی ٹربائن بھی فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ ملک کے اداروں کو قابلیت نہیں سیاسی طور پر چلایا جا رہا ہے، ایک طرح سے ہم بھی حکومت ہیں، جہاں انتظامی خلا ہوگا پر کریں گے، مقامی سطح پر ماحول خراب ہوا تو علاقے میں موجود تمام فیکٹریاں بند کرا دیں گے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت جنوری تک ملتوی کردی۔ بدھ کے روز کٹاس راج مندر کے تالاب کے خشک ہونے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے فیکٹری کے نمائندے سے استفسار کیا کہ آپ کوکس نے زمین کی نچلی سطح استعمال کرنے کا حق دیا ہے؟ زمین کی نچلی سطح کے پانی پر فیکٹری کا کیا حق ہے؟ ہمیں بتائیں بیسٹ وے روزانہ کتنا پانی استعمال کرتی ہے؟ فیکٹری کو روزانہ کتنی پیداوار کی اجازت تھی اور آج کتنی ہے؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فیکٹری کے مالک عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوتے؟ جس پر فیکٹری کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ مالک لندن میں رہتے ہیں اس لیے نہیں آسکتے۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کیا ان کو پتا نہیں کہ کیس چل رہا ہے؟ میڈیا میں کیس کی خبریں آتی ہیں، چکوال اور اس کے گرد و نواح کو نقصان بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری نے دیا ہے۔ کٹاس راج مندر کے تالاب کا پانی کسی طرح بھی بھریں، چاہیے پانی کے کنٹینر سے یا کوئی اور ذرائع استعمال کریں۔ بیسٹ وے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ 80 ہزار گیلن پانی روزانہ استعمال کیا جاتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ آج بیسٹ وے کمپنی کا ٹیوب ویل کے ذریعے نکالے جانے والے پانی کا عمل بند کر دیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ کراچی کے حالات دیکھ کر آیا ہوں، اب پنجاب کی باری ہے، وزیر اعلٰی سندھ سے کہا تھا کہ کیا آپ میرے ساتھ تھر جا کر ایک گلاس پانی پی سکتے ہیں؟ یہی بات وزیر اعلٰی پنجاب کو کہتا ہوں کیا وزیراعلی پنجاب ایسے علاقے کا پانی پی سکتے ہیں؟ ایک بچے کی صحت کروڑوں روپے سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ دوران سماعت مقامی شہری راجا وسیم نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے علاقے کے پہاڑ اور ہمارے آبائی قبرستان فیکٹری مالکان کو الاٹ کر دیے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہ ہوئی۔ عدالت نے شہری کو اپنی گزارشات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔