فیض آباد دھر نا‘کارکن کے قتل پرجماعت اسلامی کی مقدمے کی درخواست

160

راولپنڈی(آن لائن)جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے خلاف ہونے والے پولیس آپریشن کے دوران جماعت اسلامی یوتھ کے نائب صدر راجا زوہیب کے قتل پرجماعت اسلامی نے مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ صادق آباد میں درخواست دے دی ہے، درخواست میں وزیر داخلہ احسن اقبال،سابق وزیر داخلہ چودھری نثار،آر پی او وصال فخر سلطان راجا،سی پی او،ڈی ایس پی نیو ٹاؤن،ایس ایچ او صادق آباد سمیت ایف سی اہلکاروں کو فریق بناتے
ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ جمعرات کے روز مقتول کے والد کی جانب سے درخواست دیے جانے کے موقع پر جماعت اسلامی راولپنڈی کے مقامی قائدین بھی ان کے ساتھ تھے ۔تھانہ صادق آباد کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی راجا زاہد نے درخواست وصول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائدین کو بتایا کہ ہم اس واقعے کا مقدمہ پہلے ہی درج کر چکے ہیں، ، ایک وقوع کے 2 مقدمات درج نہیں ہو سکتے، درخواست کو قانونی رائے کے لیے بھیجا جائے گا۔ مقدمے کی کاپی مانگنے پر اے ایس آئی نے جواب دیا کہ وہ مقدمہ سیل کیا گیا ہے۔