میکینل سوئپنگ مشین صفائی کے بجائے ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے لگی 

291

کراچی ( رپورٹ:منیر عقیل انصاری) شہر کی سڑکوں کی صفائی کے لیے استعمال ہو نے والی میکنیکل سوئپنگ مشین صفا ئی کے بجا ئے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کاسبب بن رہی ہے، صفائی کے دوران مٹی اڑنے سے اطراف سے گزرنے والے شہریوں خصوصاً موٹرسائیکل سوار وں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، دھول مٹی کے با عث ناک ‘ کان ،حلق کی الرجی، امراض چشم اور دمے کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے،ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکا کہنا ہے کہ برسوں سے صفائی نہیں ہوئی تھی، ہم نے سڑ کوں پر صفائی اور دھلائی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق کراچی کی اہم شاہراہوں شہید ملت روڈ، کارساز روڈ، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈاور ابو الحسن اصفہانی روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر رات کے اوقات میں سوئپنگ مشین کے ذریعے سڑکوں کی صفا ئی کا سلسلہ جا ری ہے۔ سوئپنگ مشین سے صفا ئی کے دوران عالمی تقا ضے پو رے نہیں کیے جا تے ہیں، سوئپنگ مشین کے ذریعے سڑکوں کی صفائی سے قبل سڑکوں پر پانی کا چھڑکا ؤ نہیں کیا جا تا ہے،تا کہ سڑکوں پر چپکی ہو ئی مٹی گردوغبا ر میں تبدل نہیں ہوسکے مگر شہر میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے شہر یوں کی صحت کا کسی کو خیا ل نہیں ہے ،مکینیکل سوئپنگ مشین کو پانی کے چھڑکا ؤ کے بغیر ہی استعما ل کیا جا رہا ہے جس کے سبب ان سڑکوں پر سفر کر نے والے شہر یوں کی مشکلات میں اضا فہ ہو رہا ہے، اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں فضا میں آلودگی،مٹی دھول اور ہوامیں مضر صحت مادے پائے جاتے ہوں تو سانس کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں جس سے پھیپھڑوں کے کینسر، دمہ اور حرکتِ قلب بند ہونے کے خطرات لاحق رہتے ہیں۔ ماحول انسانی زندگی پر بہت اثرانداز ہوتا ہے۔ماحولیاتی آلودگی سے مختلف قسم کے جلد ی امراض، ناک، کان اور گلہ کے ساتھ ساتھ سانس کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے،سوئپنگ مشین سے صفا ئی کے دوران مٹی اڑنے کے حوالے سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی ڈاکٹر اے ڈی سجنانی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہو ئے موقف اختیا ر کیا کہ شہر میں کئی برس کے بعد دوبارہ سے نائٹ سوئپنگ شروع کرکے ہم نے اس جمود کو توڑا ہے جو کئی سال سے موجود تھا ،سڑ کو ں پرگز شتہ کئی برس کے دوران صفا ئی کا کام نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے مشین سے صفا ئی کے دوران شہریوں کو دھول مٹی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اب ہم نے شہر کی سڑ کوں پر صفائی اور دھلائی کے کام کا آغاز کر دیا ہے امید ہے کہ جلدہی کراچی کے شہریوں کو دھول مٹی سے نجات مل جا ئے گی،اورلو گ صاف ستھرے ماحول میں آسا نی کے ساتھ سفر کر سکیں گے ۔ اے ڈی سجنانی کا مزید کہنا تھا کہ رات کو سڑکوں پرٹریفک کی آمدورفت کم ہونے کے باعث سوئپنگ مشین کے استعمال میں آسانی ہوتی ہے۔ بعض اوقات نائٹ سوئپنگ کے کاموں کی میں خود بھی نگرانی کرتا ہوں۔