کرپٹ مافیا اور امریکی غلاموں کا سورج غروب ہورہا ہے،شمس الرحمن سواتی

361

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ نااہل اوربدعنوان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اس وقت انتہائی کٹھن دورسے گزررہا ہے، کرپٹ مافیا اپنی کرپشن پرمعافی مانگنے اور قوم کولوٹی ہوئی دولت واپس کرنے کے بجائے ملکی اداروں سے تصادم کی جانب گامزن ہے، ہردن ثابت کررہا ہے کہ جماعت اسلامی اور دینی قوتیں ہی شفاف اورکرپشن سے پاک ہیں ان کا نام کسی وکی لیکس میں اور نہ ہی پاناما لیکس میں ہے نام نہاد بڑی پارٹیوں کا کردارقوم کے سامنے عیاں ہوچکا ہے بڑے بڑے برج کرپشن اور قرضہ معاف کرنے کی وجہ سے الٹ رہے ہیں ۔ قوم نے مختلف پارٹیوں سے کرپٹ عناصر کوایک چھتری تلے جمع کرکے تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اصل چہرہ بھی عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں دیکھ لیا۔ایسے حالات میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داریاں بڑھ گئی ہیں کہ وہ قیادت کیخلاف کوپرکرنے کیلیے عوام سے رابطوں کوتیزترکردیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی پی پی 6کے ذمے داران وکارکنان کی ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرزون امتیاز علی اسلم اورزونل جنرل سیکرٹری مولانا سمیع الحق سمیت دیگرذمے داران نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں دینی قوتیں ایک پلیٹ فارم پرمتحدہوچکی ہیں ، متحدہ مجلس عمل کی بحالی بروقت اوردرست اقدام ہے اس معاملے پر پچھلے کئی عرصے سے جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ میں طویل بحث کے بعد فیصلہ کیا گیا اب کارکنان مرکزی نظم اورشوریٰ کے فیصلے کوپوری قوت سے نافذ کرنے کیلیے اپنی توانائیاں خرچ کریں ،اندھیرے چھٹنے والے ہیں اور آنے والا دوراسلام اور روشنی کا دورہے جس میں پاکستان، کرپشن سے پاک پرامن اسلامی مملکت بن کرابھرے گا ۔کرپٹ مافیا اور امریکی غلاموں کا سورج غروب ہورہا ہے قوم کے پاس کرپشن سے پاک محب وطن دینی جماعتوں کے سوا دوسراکوئی آپشن نہیں جوان کے مسائل کو حل کرکے اس ملک کودرست پٹڑی پرڈال سکے۔