امت مسلمہ قبلہ اوّل کیخلاف ہر مذموم حرکت کا مقابلہ کریگی،حافظ ادریس

443

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ آج پوری ملت اسلامیہ صلاح الدین ایوبی کی منتظر ہے ۔ اللہ کی رحمت و قدرت سے بعید نہیں کہ وہ مالک ارض و سما اس امت کو پھرایوبی اور غزنوی جیسے سپوت عطا فرمادے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے او آئی سی کے اجلاس میں مثبت جذبات کا اظہار کیاتھا ، اب عملاً بھی پاکستان کو ترکی اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ مل کر یہ معاملہ یو این او میں پوری جرأت و تیاری کے ساتھ اٹھانا چاہیے ۔ امت مسلمہ اپنے قبلہ اوّل کیخلاف ہر مذموم حرکت کا بھر پور مقابلہ کرے گی۔ ٹرمپ کا فیصلہ ان شاء اللہ مسلمانوں کو متحد کرنے کا ذریعہ بنے گا ۔ اس شر سے خیر برآمد ہوگا ۔ فلسطینی مسلمانوں نے پوری ایک صدی سے قربانیوں کی لازوال تاریخ مرتب کی ہے امریکا اور اس کا ناجائز بچہ اسرائیل ذلت و رسوائی سے دوچار ہوں گے ۔ انہوں نے کہ ترک صدر کی پکار پر پورے عالم اسلام کو لبیک کہتے ہوئے قبلہ اوّل کے تقدس کو ناپاک صیہونیوں اور ان کے سرپرستوں سے بچاناہوگا ۔ یہ دینی فرض ہے اور اس میں جو مسلمان ملک یا اس کی حکومت کوتاہی برتے گی ، وہ خدائے عظیم و برتر کے غضب کو دعوت دے گی۔