واٹر بورڈکا بنگلا حساس ادارے کے افسر کے حوالے کرنے کی کوشش

302

کراچی( رپورٹ: محمد انور ) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مجاز اتھارٹی کے حکم پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سرکاری بنگلے کو ایک حساس ادارے کے افسر کے سپرد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ کے ڈی اے کے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے 12 دسمبر کو جاری کیے گئے ایک آفس آرڈر میں کے ڈی اے گلشن اقبال بنگلہ نمبر سی ون کو ایک حساس ادارے کے افسر کے لیے مختص کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس حکم پر چھٹی کے روز عمل درآمد کرانے کی کوشش بھی کی گئی اور بنگلے کو سابق ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید
کے خاندان سے خالی کرانے کی کوشش کی گئی تاہم اطلاع ملنے پر ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے سخت ایکشن لیا جس کے بعد صوبائی حکام سے رابطہ کرکے بنگلے کو خالی کرانے سے روک دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ حکام نے ڈی جی کے ڈی اے سے اس ضمن میں رپورٹ طلب کی ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کے قریب کے ڈی اے اسکیم کے بنگلے اب واٹر بورڈ کی تحویل میں ہیں جس پر واٹربورڈ کا دعویٰ ہے۔ مذکورہ بنگلہ خالی کرانے کی اطلاع پر واٹر بورڈ کے افسران میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔