فاٹا پر سیاست کیوں ہورہی ہے؟

277

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ فاٹا پر سیاست ہورہی ہے۔ فاٹا انضمام کا سہرا بھی مسلم لیگ کے سر سجے گا۔ انہوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ انہیں گالم گلوچ کی سیاست کے سوا کچھ نہیں آتا۔ اب وزیراعظم سے یہ سوال کون کرے گا کہ فاٹا پر سیاست کون کررہاہے اور کیوں کررہاہے۔ مطالبہ کرنے والے اگر غلط مطالبہ کررہے ہیں تو ان کو بتائیں کہ مطالبہ غلط ہے اور یہ ثابت کریں کہ مطالبہ غلط ہے۔ ایک جانب حکومت تسلیم کرتی ہے کہ مطالبہ درست ہے۔ ڈیڑھ سو سال سے انگریز کا قانون مسلط ہے یہ قانون قبائل کو دبانے اور پیسنے کے لیے مسلط کیا گیا تھا۔ پھر اس کے خاتمے کے لیے ایک وعدہ کیا جاتا ہے لیکن اچانک یہ کام موخر کردیاجاتا ہے۔ اسمبلی ایجنڈے سے بل خارج کردیاجاتا ہے تو وزیراعظم صاحب بتائیں کہ سیاست کون کررہاہے۔ جس نے وعدے کے باوجود بل خارج کیا وہ یا جو مطالبہ کررہاہے اور دھوکا دہی یا دوغلے پن پر احتجاج کررہاہے وہ۔ اور سب سے بڑھ کر وزیراعظم نے خود ہی اعتراف کرلیا کہ سیاست کون کررہاہے۔ جوش میں کہہ گئے کہ فاٹا انضمام کا سہرا بھی ن لیگ کے سر سجے گا تو مسئلہ یہ ہے سہرا کس کے سر سجے گا اسی کو سیاست کہتے ہیں۔ ابھی حکومت نہیں چاہتی کہ لانگ مارچ والوں کے مطالبے پر انضمام کا اعلان کرے اس لیے بل موخر کردیا۔ اب خود اعلان کرکے دعویٰ کریں گے کہ ہم نے میدان مارلیا ہے۔ خود ہی سہرا اٹھائیں گے اور سر پر سجالیں گے۔