پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑی تباہی سے بچا لیا، سرفراز بگٹی

270

کوئٹہ(صباح نیوز)صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا پولیس جوانوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں کوئٹہ کو بڑے نقصان سے بچالیاگیاہے۔ گزشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی نے زرغون روڈ پر واقع چر چ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ2 خود کش حملہ آوروں نے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر حملے کی کوشش کی تاہم چرچ کے مرکزی دروازے پر ایک بمبار سیکورٹی اہلکار کی فائرنگ سے مارا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ دوسرے خودکش حملہ آور اور فورسز کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بمبار زخمی ہوا اور اس نے خود کو چرچ کے احاطے میں ہی دھماکے سے اڑا دیا۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کی حفاظت کے لیے خصوصی طور پر انتظامات کیے ہوئے تھے جس باعث زیادہ نقصان سے بچ گئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں اس لیے ہر وقت سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی جاتی ہے لیکن چونکہ کرسمس قریب آرہی ہے اس لیے چرچ کو اسپیشل سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔