اسلام آباد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے19 دسمبر سے شمالی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے‘ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا‘ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جبکہ مری میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا‘ ملک میں موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے‘ سعودی عرب سے پنجاب کے مختلف شہروں کوجانے والی پروازیں اب کراچی کے لیے روانہ کی جائیں گی‘ کراچی سے سیالکوٹ جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 19 دسمبر سے ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں بارشیں ہوگئیں اور منگل سے جمعرات تک اسلام آباد، راولپنڈی، قلات ڈویژن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے‘ مری اور گلیات سمیت پہاڑی سلسلوں پر بھی خوب برفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے‘ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کوئٹہ، قلات اور کالام کا درجہ حرارت منفی 8، مالم جبہ منفی6، پارہ چنار اور گوپس میں منفی5 جبکہ استور میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا‘ کوئٹہ اور مکران ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔