نظام مصطفیؐ کے عملی نفاذ تک وطن عزیز بحرانوں سے آزاد نہیں ہوسکتا

129

فیصل آبا د (وقائع نگارخصوصی )جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ ساجد انور نے زون پی پی71کے زیر اہتمام غلام محمد آباد میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظام مصطفیؐ عملی نفاذ تک وطن عزیز بحرانوں سے آزاد نہیں ہوسکتا۔پیغمبر مصطفیﷺ کی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے عوام میں محبت عام کرنے اورنفرتیں ختم کرنے کے لیے علما اور معاشرے کے ہرفردکو عمل کے میدان میں اترنا ہوگا۔ جشن آمد رسولﷺ کاتقاضاہے کہ ہم اپنی زندگیاں آپؐ کی تعلیمات کے مطابق بسرکریں اور ہمارے عمل وکردار سے غلامی مصطفی کی جھلک نظرآنی چاہیے ۔کانفرنس سے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان، زونل امیر ملک معراج الدین،جنرل سیکرٹری میاں عطا الرحمن ،سلیم سرور،چودھری عمر فاروق اورعلیم سرورو دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت سخت آزمائش سے دوچار ہے ۔ استعماری و طاغوتی طاقتیں امریکی چھتری تلے متحد ہوکر مسلمانوں پر پل پڑی ہیں ۔ ہر جگہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہاہے اور ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ الٹا انہیں دہشت گرد قرار دیا جارہاہے ۔ مسلمانوں کا قبلہ اوّل امریکا کی آشیر باد سے پنجہ یہود میں دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 56 مسلم ممالک اور ڈیڑھ ارب مسلمان اس وقت تنہائی کا شکار ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ۔ مسلمان حکمرانوں کے اندر انتشار و افتراق ہے اور اکثر امریکا کی کاسہ لیسی اور چاپلوسی میں مبتلا ہیں ۔ ان قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کو متحد ہونا اور فروعی اور مسلکی اختلافات ایک طرف رکھ کر مشترکہ د شمن کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں کو سیدھا کرنا پڑے گا ۔ یہ علما ئے امت کی ذمے داری اور فرائض منصبی میں شامل ہے کہ وہ اس پرفتن دور میں مسلمانوں کی رہنمائی کریں انہیں اختلافات بھلا کر اتحاد کا درس دیں ۔انہوں نے کہا کہ مغرب حضورﷺ کا عشق مسلمانوں کے دلوں سے نکالناچاہتاہے ۔ ہمیں ناموس رسالت کا ہر حال میں تحفظ کرناہے کیونکہ یہ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے، اس کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ پاکستان میں امریکا کے پٹھو حکمرانوں نے بڑی پراسرار خاموشی سے حلف نامے میں تبدیلی کر کے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو ٹٹولنے کی کوشش کی لیکن پورے پاکستان کے عوام نے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر اس سازش کو ناکام بنادیا ۔