متحدہ مجلس عمل کی بحالی مثبت پیش رفت ہے ،سید عارف شیرازی

167

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے وطن عزیزکے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم بھی موجود تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے عہدہ بر آہونے اور خاص طور پر سیکولر اور مغربی کلچر کے فروغ کے خلاف ایم ایم اے اپنا کردار ادا کرے گی ۔اسلام اور نظریہ پاکستان کے خلاف اُٹھنے والی ہر آواز کا مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اسلام کے نام پرعمل میں آیاتھا ۔ اس کی اسلامی شناخت پر حرف نہیں آنے دیں گے۔پاناما لیکس میں کسی عالم دین کا نام نہیں ہے ۔ان شاء اللہ ! ایم ایم اے آنے والے انتخابات میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی سیاسی کمیٹی کے ارکان نے حال ہی میں راولپنڈی کا دورہ کیا ہے ۔ جس میں 2018 ء کے انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے ۔ جماعت اسلامی آنے والے الیکشن کے سلسلے میں بھر پور تیاریاں کر رہی ہے۔ سید عارف شیرازی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے کی عبارت میں تبدیلی کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ تاخیر سے شکوک و شبہات میں دن پردن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔