عشق مصطفی ﷺ کے ذریعے ہی امت مسلمہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے

242
فیصل آباد ،جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر مولانا جاوید قصوری ،حافظ سلیمان حسان و دیگر محفل رحمت العالمین سے خطاب کررہے ہیں
فیصل آباد ،جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر مولانا جاوید قصوری ،حافظ سلیمان حسان و دیگر محفل رحمت العالمین سے خطاب کررہے ہیں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی 67کے زیراہتمام مجاہدمسجددارالسلام کالونی میں رحمتہ اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر مولاناجاویدقصوری نے کہاکہ نبی مہربان ﷺ تمام عالم کے لیے رحمت اللعالمین ہیں اور اس پیغام کے ذریعے ہی زمین پر عدل و انصاف کا نظام قائم ہو سکتا ہے۔ آقائے دو جہاںﷺ نے مکہ مکرمہ کی سنگلاخ وادیوں میں اپنے جسم کو لہولہان تو کیا لیکن انسانی نظام سے مفاہمت نہیں کی۔ کانفرنس سے حافظ سلیمان حسان،میاں اجمل حسین بدرایڈووکیٹ، قاری عطاالرحمن راشد، صدر الخدمت فاؤنڈیشن رائے اکرم کھرل،حافظ لئیق احمد،زونل امیر پی پی67نعمان احسن ملک،یوسف گل پراچہ،جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں، سید پیراذکارشاہ،عامرندیم سیٹھی ، سیدانیس شاہ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ زبیر عباسی ودیگرنے خطاب کیا۔ مولانا جاوید قصوری نے کہا کہ حضورﷺ کے پیروکار اور شاگردوں نے اندھیروں میں بھٹکتی دنیا کو چلانے کا وہ نظام دیا جس کو اسلام کے بدترین دشمن بھی تسلیم کرتے ہیں۔ نبی مہربان ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت آج دنیا کو پہلے سے بھی زیادہ ہے‘ بھٹکتی اور سسکتی ہوئی انسانیت آج تباہی کے کنارے کھڑی ہے بطور مسلمان اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داریاں پہلے سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ سنگین مسائل سے نجات دلانے کے لیے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہی انسانیت کی کامیابی اور فلاح ہے‘ جس کے لیے کرپٹ اور جعلی قیادت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، اس کے سوا قوم کے پاس اور کوئی چارہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عشق مصطفی ﷺ کے ذریعے ہی امت مسلمہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ پیغام مصطفی کو گھر گھر پھیلا کر نظام مصطفیﷺکو ملک میں نافذ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مدینہ منورہ والا نظام نافذ ہو جائے تو ہمارے سارے مسائل خودبخود حل ہوسکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے امت مسلمہ کارشتہ اپنے نبیﷺ سے مضبوط اور توانا کرتے ہوئے اسوہ رسولﷺ کو اپنانا ہوگا۔حافظ سلیمان حسان نے کہا کہ دنیا میں پھر سے اْجالا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان قرآن کی جانب رجوع کریں اور احیائے خلافت کے لیے کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت رسولﷺ کا پیغام یہ ہے کہ اْمت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد قائم ہو اور محمدﷺکے اْمتی ہونے کا دعویٰ کرنے والا ہر شخص ملت کے بکھرے دانوں کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے کوششیں کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ آج تباہ حال ہے۔بدامنی وبدحالی مسلمانوں کامقدر بنادی گئی ہے اوراسلامی ممالک اورمعاشروں میں بے حیائی سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہے اورمسلم امہ اہل کفر کے زیرعتاب ہے۔ان تمام مسائل کا حل صرف اور صرف یہ ہے کہ نبی اکرمﷺ کی فرمانبرداری اوران کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے دنیا وآخرت کی فلاح وکامرانی حاصل کرلیں۔