تعلیم پرتوجہ دینے والے ممالک آج ترقی کی معراج پر ہیں،مشتاق احمد خان

312

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی کا راستہ لائبریریوں اور لیبارٹریوں سے ہوکر گزرتا ہے۔ جن ممالک نے تعلیم کو ترجیح دی اوراس شعبے پر سرمایہ کاری کی وہ آج دنیا کے امام ہیں۔جو ممالک تعلیم کو ترجیح نہیں دیتے ، تجربہ گاہوں اور لائبریریوں کو ویران کردیتے ہیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کا بجٹ زیادہ جبکہ تعلیم کے لیے بجٹ آٹے میں نمک کے برابر ہے، ہم ترقیاتی منصوبوں کے خلاف نہیں لیکن اگر آپ تعلیم پر خرچ نہیں کریں گے تو گوادر اور میٹرو آپ کو نہیں بچا سکتے۔ القدس کو امریکا نے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم اور وہاں اپنا سفارت خانہ قائم کرکے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، یہ سفارتی دہشت گردی اور اس صدی کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔امریکی اقدام عالم اسلام پر براہ راست حملہ اور کھلا اعلان جنگ ہے۔القدس کے معاملے میں او آئی سی نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو ادا کر نا چاہیے تھا۔ہم دنیا کے تمام مسلمانوں اور پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ امریکی اوریہودی انٹرنیشنل کمپنیوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ القدس اور فلسطین کو نصاب میں شامل کرے تاکہ نئی نسل بیت المقدس اور فلسطین کی اہمیت سے آگاہ ہو سکے۔ طلبہ اور طالبات فلسطین اور بیت المقدس پر تحقیقی مقالاجات اور ریسرچ کریں۔دو ریاستی حل پر بات کرنا قائداعظمؒ کے اُصولوں سے انحراف ہے۔کوئی عالمی قانون یہودیوں کو وہاں ملکیت کا حق نہیں دیتا۔امریکا نے جو اقدام کیا ہے وہ سیکورٹی کونسل اور اقوام متحدہ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ عالم اسلام امریکا سے اپنے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرے۔ حضور ﷺ کی زندگی ہمارے لیے ایک نمونہ ہے ہر گھڑی ہر موڑ پر اگر ہم حضور ؐ کے سنت پر عمل کرتے رہے تو دنیا و آخرت میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگا ۔اسلامی جمعیت طلبہ کا سیرت النبی ﷺ کوئز کمپیٹیشن خوش آئند ہے، خوبصورت پروگرام ترتیب دینے پر جمعیت کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اسلامی جمعیت طلبہ پیغام مصطفی ﷺ کا قافلہ اورپاکستان کے طلبہ کے لیے اللہ کی رحمت ہے۔ عشق مصطفی ﷺ کا تقاضا نظام مصطفی ﷺ ہے، جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ نظام مصطفی ﷺ کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامیہ کالجیٹ گراؤنڈ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام تین روزہ اسٹوڈنٹس فیسٹیول کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فیتہ کاٹ کر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر نور محمد اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا شاہ کار عزیز نے بھی خطاب کیا ۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے طلبہ قابل اور محنتی ہیں لیکن حکومت طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے میں کوتاہی برت رہی ہے۔ کبھی فیسوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے تو کبھی کسی اور طریقے سے طلبہ کو پریشان کیا جاتا ہے جس سے ان کی تعلیم کا حرج ہوتا ہے۔ حکومت طلبہ کو سہولیات دے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور یہودیوں کا فلسطین کے بعد اگلا ہدف مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہیں۔پوری مسلم دنیا میں اس کے خلاف احتجاج ریکارڈ ہو رہا ہے۔ ہم فلسطین کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کی آزادی کے لیے لڑی جانے والی جنگ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہمارے حکمران دو ٹوک الفاظ میں کہیں کہ کہ وہ امریکا کے ساتھ ہیں یا مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔