بدین، گنے کی قیمت مقرر نہ کرنے کیخلاف ہڑتال،معمولات زندگی متاثر

144

بدین (نمائندہ جسارت) شوگر مل مالکان کی جانب سے گنے کے مقررہ قیمت ادا نہ کرنے اور کراچی میں احتجاج کرنے والے آبادگاروں پر پولیس تشدد کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر بدین شہر سمیت دیگر جھوٹے بڑے شہروں میں شٹر بند ہڑتال کی گئی اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے آبادگاروں کی حمایت اور سندھ حکومت اور شوگر مل مالکان کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے بھی کیے گئے ۔ ہڑتال کے باعث بدین شہر میں دکانوں کے علاوہ دیگر کاروبار بھی بند رہا اور روڈوں پر ٹریفک بھی معمول کے کم رہا۔
اس موقع پر سندھ ترقی پسند پارٹی مقامی رہنماؤں رسول بخش چانگ، مراد علی ، رستم چانڈیو اور دیگر کی قیادت میں شہر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا اس موقع پر مقررین نے کہا کے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ کی طرح اپنی سندھ اور آبادگار دشمن روایت کو برقرار رکھتے ہوئے حکمران جماعت کی شوگر ملوں کو فائدہ پہنچانے کے لیئے سندھ کے آبادگاروں کے مفاد کے خلاف فیصلے کر کے سندھ کی زرعی معیشت کو تباہ کر کے عوام کو بے روزگاری اور غربت کا شکار بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کے سندھ حکومت نے شوگر مل مالکان کے خلاف کارروائی نہ کی تو سندھ کی عوام احتجاج کے علاوہ شوگر ملوں کا گھیراؤ کریں گے ۔