ٹونٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھارت کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف شاندار ہے

132

ٹیسٹ کرکٹ میں1-0اور ایک روزہ بین الاقوامی سریز میں2-1 سے کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف 3 ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کا پہلا میچ کٹک میں آج کھیلے گی۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان بھارت میں ہونے والا یہ چھٹا اور مجموعی طور پر 12 واں ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ ہوگا۔ ابھی تک دونوں کے مابین جو 11 ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے اس میں بھارت نے 7 اور سری لنکا نے4 جیتے ہیں۔ اپنی سرزمین پر بھارت نے 5 میں سے3 جیتے ہیں جبکہ سری لنکا نے2 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
دونوں کے درمیان جو آخری ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ 6ستمبر2017 کو کو لمبو میں کھیلا گیا تھا اس میں بھارت نے7 وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اس وقت بھارت کی رینکنگ5ویں ہے اس نے جو 88 میچ کھیلے ہیں اس میں52 میں کامیابی ملی ہے،33 میں شکست ہوئی ہے ۔3 میچ غیر فیصلہ کن رہے جس میں ایک ٹائی میچ بھی شامل ہے۔ سری لنکا نے99 میں سے51 میں جیتے ہیں،46 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ ٹائی رہا جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ۔ اس کی عالمی رینکنگ میں8ویں پوزیشن ہے۔
سری لنکاکا بھارت کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوورز میں 5 وکٹوں پر215 رنز ہے جو اس نے ناگپور میں9 دسمبر2009 کو بنایا تھا۔ اسی سریز میں موہالی میں3روز بعدکھیلے گئے میچ میں بھارت نے 19.1 اوورز میں 4 وکٹوں پر211 رنز بنائے تھے جو اس کا سری لنکا کے خلاف سب سے بڑا سکور ہے۔
وشاکھا پتنم میں14 فروری2016 کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے تمام کھلاڑی 18 اوورز میں82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے جو اس کا بھارت کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ بھارت کا سری لنکا کے خلاف سب سے کم اسکور18.5 اوورز میں101 رنز ہے جو اس نے پونے میں 9 فروری2016 کو بنایا تھا۔
ویرات کوہلی نے6 ستمبر2017 کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں82 رنز بنائے تھے جو بھارت کے لئے سری لنکا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ سری لنکا کے لئے یہ ریکارڈ کمار سنگا کارا کے پاس ہے جنہوں نے ناگپور میں 9 دسمبر2009 کو78 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔
بھارت کے لئے سری لنکا کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ روی چندرن اشون کے پاس ہے جنہوں نے وشاکھا پتنم میں14 فروری2016 کو کھیلے گئے میچ 8 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ سری لنکا کے لئے سب سے اچھی بولنگ کرانے کا ریکارڈ داسن شاناکا کے پاس ہے جنہوں نے پونے میں9 فروری2016 کو16 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔