چرچ پر حملے کے دہشتگرد افغانستان سے آئے تھے ،وزیراعلیٰ بلوچستان 

194

کوئٹہ(آن لائن+نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں میتھوڈسٹ چرچ پر حملے کے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، جنگ دہشت گردوں نے شروع کی ہم ختم کریں گے ،مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں، ہم نہ بزدل ہیں اور نہ ڈرنے والے ہیں، دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملادیا، آج کی حکومت دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہے جبکہ ماضی میں حکومتوں نے کبوتروں کی طرح آنکھیں بند کرکے دہشت گردوں کو فری ہینڈ دیا تھا۔ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ
چرچ پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور کالعدم تنظیم داعش نے واقعے کی ذمے داری قبول کر لی اور داعش یہاں کی تنظیموں سے مل کر دہشت گردی کی وارداتیں کررہی ہے جو دہشت گرد فورسز کے ہاتھوں مارا گیا ہے وہ شکل و صورت سے ازبک اور تاجک لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چرچ پر حملے کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کا منہ توڑ جواب دیا، اس سے فورسز کا مورال بلند ہوا، دنیا میں کوئی خودکش حملہ آور کو نہیں روک سکتا تاہم ماضی کے مقابلے میں ہماری فورسز نے جو کردار ادا کیا وہ قابل تعریف ہے، دہشت گردوں کو افغانستان سے سپورٹ مل رہی ہے اور یہاں دہشت گردوں کو سہولت کار مل جاتا ہے ،فورسز کے اعلیٰ افسران کے ٹارگٹ کلنگ کے باوجود پولیس اور دیگر فورسز نے جس طرح دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور فورسز کی کامیاب کارروائی کی بدولت دہشت گرد اپنے عزائم تک نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری انٹیلی جنس کی کوئی ناکامی نہیں ہے اور انٹیلی جنس نے یکم دسمبر کو 4 دہشت گردوں کے داخل ہونے کی اطلاع دی تھی ،2 ہزار کلومیٹر بارڈر ہے اس کو کنٹرول کرنا بہت مشکل کام ہے۔علاوہ ازیں گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ای ایم ای سینٹر میں پاک فوج میں شامل ہونے والے بلوچ ریکروٹس کے آٹھویں بیج کی پاؤسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بہادر جوان پاک فوج کا حصہ بن کر ملک اور قوم کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں،شرپسند عناصر ہمارے دشمنوں کی ایماء پر بدامنی پھیلانے کی جو سازشیں کر رہے ہیں انہیں ہم اپنے اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنا دیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،پاک فوج میں بلوچ جوانوں کی جو ق درجوق شمولیت اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ اہل بلوچستان پاک سر زمین سے محبت کر تے ہیں اور اس کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو تیار ہے ’’را‘‘ کے ٹکڑ و ں پر پلنے والوں کی سازشیں ناکام ہو چکی ہے، ارض پاک کی ترقی اور تحفظ کے لیے پو را بلوچستان یکجا ہے۔