محکمہ ایکسائزنےپراپرٹی ٹیکس ادانہ کرنےپرقذافی اسٹیڈیم لاہور کو سیل کردیا جب کہ پی سی بی کے تمام دفاتر بھی بند ہوگئے ہیں۔
عدالتی حکم آنے کے بعد محکمہ ایکسائز نے کارروائی کرتے ہوئے صبح سویرے قذافی اسٹیڈیم کے دروازوں کو بند کرکے تالوں کو سیل کردیا۔ حکام ایکسائزاینڈٹیکسیشن کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم پر4کروڑ80لاکھ روپے واجب الاداہیں جس کی ادائیگی کے لیے کئی بار نوٹسز جاری کیے گئے تاہم عدم ادائیگی پر اسٹیڈیم کو سیل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پراپرٹی ٹیکس کے خلاف پی سی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا چونکہ قذافی اسٹیڈیم پلے گراؤنڈ کی تعریف میں نہیں آتااس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ قذافی اسٹیڈیم کا پراپرٹی ٹیکس ادا کرے ۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ پی سی بی اسٹیڈیم کے باہر دکانوں اور ریسٹورنٹ سے آمدن حاصل کر رہی ہے جبکہ فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس پر استثنا صرف حکومتی کنٹرول میں سرکاری عمارتوں پر لاگو ہوتا ہے۔