تھر میں اموات کا سلسہ جاری، حکومت کرپش فری اقدامات کرے،مجاہد چنا

252

اسلام کوٹ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے تھر میں معصوم بچوں کی اموات میں مسلسل اضافہ اور صرف رواں ماہ 58 اور رواں سال570 سے زائد بچوں کی اموات حکومتی بے حسی کی انتہا اور گڈ گورننس کے دعویدار حکمرانوں کیلیے لمحہ فکرہے۔ حکومت تھر میں غذائی قلت اور صوبہ بھر میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور کرپشن فری اقدامات کرے۔تھرپارکرکے صحافیوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی رہنما کا کہنا تھاکہ تھر پارکر میں غذائی قلت اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مسلسل معصوم بچوں کی اموات پر عوامی احتجاج اور میڈیا کوریج کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگتی۔سندھ رینجرزکے اعلامیہ کے مطابق شہرقائدکراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں 452 افراد مارے گئے جبکہ تھرمیں غذائی قلت وطبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اب تک رواں سال570 بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیں یہ نسل کشی نہیں تو کیا ہے اس کا ذمہ دارآخرکون ہے۔ اموات کا یہ سلسلہ برسوں پر محیط ہے،گزشتہ نو سال سے سندھ پر پیپلز پارٹی بر سر اقتدار ہے مگر تا حال تھر میں معصوم بچوں کی اموات کا تسلسل نہیں رک سکا ہے اور نہ ہی سندھ حکومت اس کے سد باب کیلیے سنجیدہ نظر آتی ہے۔البتہ تھرکے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے نام پرلگائے گئے آروپلانٹ کے ذریعے کرپشن کا سلسلہ جاری ہے،حکومتی دعووں کے برعکس اکثرآروپلانٹ ناکارہ بنے ہوئے ہیں جن کاکوئی پرسان حال بھی نہیں۔بعض این جی اوز نے بھی تھری عوام کی خدمت کے نام پرپیسہ بٹورنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہی کے سابق وزیر اعلیٰ سندھ تو تھرمیں بچوں کی اموات کویہاں تک کہہ چکے ہیں ک169یہ تو معمول کی بات ہے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے”اس سے حکمرانوں کی سنگدلی و بے حسی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان دینے کی دعویدار پیپلز پارٹی اور کچھ نہ سہی تھر کے مفلوک الحال عوام کو روٹی ہی فراہم کردے۔ انہوں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی حسب حال صحت سمیت صاف پانی، تعلیم وروزگارکے شعبہ جات میں تھرپارکرکے عوام خدمت اوران کا معیارزندگی بھتربنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں کہاکہ حکومت اگراپنی ذمہ داری پوری اورمیرٹ وکرپشن فری اقدامات کرے تو نہ صرف تھر بلکہ پورے سندھ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔