کوئٹہ چرچ پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،جماعت اسلامی لودھراں

228

لودھراں (وقائع نگار خصوصی)اسلام کسی بے گناہ یا اقلیتی فرد کے قتل کی اجازت نہیں دیتا،جہاد اور دہشت گردی میں زمین وآسمان کا فرق ہے،کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سیدوحید احمد و ضلعی جنرل سیکرٹری طارق فاروق نے مشترکہ پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کسی بے گناہ اورنہتے شہری کے قتل کی اجازت ہرگز نہیں دیتا چاہے وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں آیا ہے کہ جو شخص کسی ایک بے گناہ کو قتل کرے گا گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کفار نے جہاد کو بدنام کرنے کے لیے مسلم ممالک میں دہشت گردی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے تاکہ ایک تیر سے دوشکار کیے جاسکیں۔ دہشت گردی کو جہاد سے جوڑ نے کا ایک مقصد یہ ہے کہ خود مسلمان جہاد سے بیزار ہوجائیں اور دوسرا مقصد یہ کہ آپس میں ہی لڑ کر مسلمان تباہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں غیر عسکری قوت ،عام شہریوں اور اقلیتوں پر حملے کرنے والوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ جہاد سے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ چرچ پر حملہ انتہائی غیر انسانی عمل ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس قسم کے حملے کرکے امریکا، بھارت و اسرائیل کا ٹرائیکا پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سازش کو بے نقاب کرے اور اقوام عالم میں آواز بلند کرے۔