چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے نواز شریف نے ضمنی اںتخابات سے قبل کسان پیکج کا اعلان کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ پنجاب میں اسی الیکشن کمیشن کے نیچے الیکشن ہو رہے ہیں جس نے عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی ۔ عمران خان کا کہنا ہے سمجھ نہیں آ رہی کہ مجھے انتخابی مہم سے کیوں روکا جا رہا ہے ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا وزیراعظم کا کسان پیکج الیکشن سے قبل دھاندلی ہے اور تو اور حکومت نے کسان پیکج میں سبسڈی کا بوجھ صوبائی حکومت پر ڈال دیا ہے، اور اگر کسان پیکج دینا تھا تو بجٹ میں دیتے ۔ عمران خان کا کہنا تھا سمجھ نہیں آتا مجھے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے کیوں روکا گیا، میرے پاس توکوئی فنڈز نہیں ہیں ، میں ایک جماعت کا چیئرمین ہوں اپنا منشور عوام تک پہنچانا میرا حق ہے ۔
سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کل الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرائیں گے ، الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن میں ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم نہیں چلانے دے رہا، اس پابندی کےخلاف کل الیکشن کمیشن اورعدالت جائیں گے، پنجاب میں وہی الیکشن کمیشن ہے جس نے تاریخی دھاندلی کی ۔ عمران خان کا کہنا تھا این اے 122 میں 1 لاکھ 84 ہزار میں سے53 ہزار ووٹ غیرقانونی تھے مگر سزا کسی کو نہیں ملی ۔ الیکشن کمیشن کیخلاف 4 اکتوبرکواسلام آبادمیں بڑاجلسہ کریں گے۔
پی ٹی آئی کےسربراہ عمران خان کا کہنا تھا ن لیگ کے لوگ پولیس کے ذریعے لوگوں کو ڈرا رہے ہیں، یہ 2013 کا نہیں 2015 کا الیکشن ہے، ہم بھر پورطاقت سے ضمنی انتخابات لڑیں گے، حکومت نے چیئرمین نادرا کو ملک سے باہر بھجوا دیا، لوہے کے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے پاکستان اسٹیل کو بند کیا گیا، اعتزازاحسن نے صحیح کہا پاکستان اسٹیل جان بوجھ کر بند کردی گئی۔