قومی وحدت اور اتحاد کے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں

223

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر خالدمحمود چودھری نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں قائد اعظم ایک ایسی منفرد شخصیت ہیں جنہوں نے ایک گولی چلائے بغیر اپنے اصولی مؤقف کے زور پر آزادی حاصل کر کے ایک الگ ریاست قائم کی ، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہمیں علاقائی، صوبائی، مذہبی، لسانی، نسلی تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی صورت دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو بحال رکھنا ہے۔ قومی وحدت اور اتحاد ہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور وطن عزیز کو قائدِاعظم کی سوچ اور امنگوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر ریلوے اسٹیشن پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں زونل صدر ملک محمد بشیر، سیکرٹری باؤ طاہر، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،محمد نعیم اختر،محمد رمضان،عمران کاہلوں ،عدنان خٹک،محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر، نورالدین اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھے۔خالد محمود چودھری نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کی تلاش کیلیے ایک بار پھر اسی عزم و ہمت اور ولولے کی ضرورت ہے۔ قائد نے پاکستان کا قیام محض ایک خطہ زمین کا حصول نہیں بلکہ یہ ایک ایسی آزاد مملکت کے حصول کے لیے تھا جہاں آئین، قانون اور جمہوریت کی بالا دستی ہو،ملکی استحکام کیلیے ضروری ہے کہ اتحاد و یگانگت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دینی اور سیاسی طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کر کام کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان علامہ اقبال اورقائداعظم کے افکارات سے انحراف کی ایسی تصویر پیش کر رہا ہے جس میں خوشحالی، ترقی اور وقار کا کوئی رنگ دکھائی نہیں دیتا۔ شخصیات طاقت ور ہیں اور ادارے ایک دوسرے کے مقابل کھڑے اپنے وجود کے کھوکھلے پن کا احساس دلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے مفادات کیلیے منشور کی سیاست سے کوسوں دور ہیں۔ ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی اور ملکی وقار اورترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔