بلوچ عوام پاکستان کیلیے جان دے رہے ہیں‘ آئی جی ایف سی 

165

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ بلوچ عوام پاکستان کی حفاظت کے لیے جان دے رہے ہیں‘ صوبے کے نوجوان قائد اعظم کے اقوال پر عمل کرتے ہوئے تعلیم پر توجہ دیں۔ زیارت میں قائداعظم محمد علی جناح کے149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل ندیم انجم نے کہا کہ قائداعظم کو بلوچستان کے لوگوں سے بہت پیار تھا‘ قائداعظم نے ایک بارفرمایا تھا کہ بلوچستان ایک انمول ہیرا ہے‘ اسے تراشنے
کے لیے جوہری کی ضرورت ہے‘ بلوچستان کے نوجوانوں نے بھی پاکستان کی تخلیق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا‘ آج بھی بلوچستان کے نوجوان فوج اور ایف سی میں بھرتی ہو کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں‘ بلوچستان کے عوام اور سیاسی قائدین پاکستان کی حفاظت کے لیے جانیں دے رہے ہیں‘ نواب ثناء اللہ زہری کے شہید بیٹے، شہید بھتیجے اور شہید بھائی کی مثال سب کے سامنے ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ مسلح تنظیمیں چلانے والے بیرون ملک بیٹھ کر بلوچستان کے نوجوانوں کو بہکانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بلوچستان کے نوجوانوں کو ایسے بہکاوے میں آنے کے بجائے تعلیم پر توجہ دینی چاہیے‘ باہربیٹھے لوگ بلوچستان کے لوگوں سے مخلص نہیں ہیں۔