عشق مصطفی ﷺ کے ذریعے ہی امت مسلمہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے

394

فیصل آبا د (وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پی پی 64کے زیر اہتمام سیرت النبیﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ نظام مصطفی کے عملی نفاذ تک وطن عزیز بحرانوں سے آزاد نہیں ہوسکتا۔پیغمبر مصطفی ﷺ کی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے عوام میں محبت عام کرنے اورنفرتیں ختم کرنے کے لیے علما اور معاشرے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بھی میدان عمل میں اترناہوگا ۔ جشن آمد رسولﷺ کاتقاضاہے کہ ہم اپنی زندگیاں آپؐ کی تعلیمات کے مطابق بسرکریں اور ہمارے عمل وکردار سے غلامی مصطفی ؐکی جھلک نظرآنی چاہیے۔ کانفرنس سے ضلعی نائب امیر انجینئرعظیم رندھاوا، رانا عبدالغفور ،جے آئی یوتھ کے زونل صدررانامحمدخان ، قاری محمدحنیف بھٹی،امیرزون پروفیسرمظہرنعیم رندھاوا، سیدایوب شاہ ،جنرل سیکرٹری حافظ محمداسحاق، پروفیسر حافظ محمد آصف،قاری علی اصغر،چودھری محمدیوسف منج اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کے پیروکار اور شاگردوں نے اندھیروں میں بھٹکتی دنیا کو چلانے کا وہ نظام دیا جس کو اسلام کے بدترین دشمن بھی تسلیم کرتے ہیں۔ نبی مہربان ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت آج دنیا کو پہلے سے بھی زیادہ ہے‘ بھٹکتی اور سسکتی ہوئی انسانیت آج تباہی کے کنارے کھڑی ہے بطور مسلمان اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داریاں پہلے سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ سنگین مسائل سے نجات دلانے کے لیے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہی انسانیت کی کامیابی ہے‘ جس کے لیے کرپٹ اور جعلی قیادت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، اس کے سوا قوم کے پاس اور کوئی چارہ نہیں۔ عشق مصطفی ﷺ کے ذریعے ہی امت مسلمہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مدینہ والا نظام نافذ ہوجائے تو ہمارے سارے مسائل خودبخود حل ہوسکتے ہیں اور اس مقصد کیلیے امت مسلمہ کارشتہ اپنے نبیﷺ سے مضبوط اور توانا کرتے ہوئے اسوہ رسولﷺ کو اپنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سیرت رسولﷺ کا پیغام یہ ہے کہ اْمت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد قائم ہو اور محمدﷺ کے اْمتی ہونے کا دعویٰ کرنے والا ہر شخص ملت کے بکھرے دانوں کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے کوششیں کرے ۔