پی ٹی آئی کا گلگت بلتستان میں ٹیکس کیخلاف بھرپوراحتجاج کا فیصلہ

960

اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف نے گلگت بلتستان میں ٹیکس کے معاملے پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ٹیکس کے معاملے پر گلگت بلتستان کے عوام ساتویں مرتبہ سڑکوں پر نکل چکے ہیں۔ 10اضلاع سے عوام انتہائی سخت سردی میں مارچ کررہے ہیں اب معاملے پر تحریک انصاف بھی بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس معاملے کے اصل ذمے دار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ختم نبوت کی طرح گلگت بلتستان کے معاملے پر بھی مکمل لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ گلگت بلتستان پاک چین راہداری منصوبے کا کلیدی حصہ ہے۔ بھارتی لابی کی خوشنودی کے لیے جان بوجھ کر صورتحال کو گھمبیر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی عدم دلچسپی اور غیر سنجیدگی سے پورے علاقے میں کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ سارے کام کاج چھوڑ کر اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔ صورتحال کو مزید کشیدگی کی جانب بڑھنے سے بچانے کے لیے حکومت مؤثر اقدامات اٹھائے۔