وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات نظرانداز، شوگر ملیں من مانیاں کررہی ہیں،میاں مقصود

306

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جماعت اسلامی 9جنوری کو لاہورہائیکورٹ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی عدالت میں کسانوں سے گنا180روپے فی من سرکاری ریٹ پر نہ خریدنے پراپنے وکیل سیف الرحمن جسراکے ذریعے شوگر مل مالکان کے خلاف تو ہین عدالت کی درخواست جمع کرائے گی۔جماعت اسلامی پنجاب کی طرف سے دائرکردہ رٹ پر عدالت عالیہ نے حکم دیا تھاکہ گنا180روپے فی من کے حساب سے کسانوں سے خریداجائے لیکن ابھی تک پنجاب میں شوگر ملوں نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔ہم عدلیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس اہم مسئلے کافوری نوٹس لیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں رٹ کی سماعت کے بعد میڈیاکوتازہ ترین صورتحال پربریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈووکیٹ سیف الرحمن جسرااور محمد فاروق چوہان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے عدالت عالیہ میں مؤقف پیش کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے کیے گئے اعلان اوروزیر اعلیٰ شہبازشریف کی یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک شوگر ملیں من مانیاں اورہٹ دھرمی کامظاہرہ کررہی ہیں۔110سے لے کر120روپے تک گنا فی من زبردستی خریداجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح اعلان کیاتھاکہ کٹوتیاں نہیں کی جائیں گی لیکن کٹوتیاں کی جارہی ہیں۔ 50سے100من تک گنا کٹوتیوں کے ضمن میں ایک ٹرالی سے لوٹاجارہا ہے۔ہم نے عدالت سے استدعاکی ہے کہ اس صورتحال کاسختی سے نوٹس لیاجائے۔عوام کو آپ سے بہت امیدیں ہیں۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس دیے ہیں کہ اگر یہاں کرائی گئی یقین دہانیوں پر عمل درآمد نہیں ہواتوکسان اس عدالت میں توہین عدالت کی درخواست دے کران کے کیس ہمارے سامنے لاسکتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے کہاکہ ہم چاہیں گے کہ تمام شوگر مل مالکان عدالت کے سامنے پیش ہوں اور عدالتی احکامات پرعمل درآمدکریں۔ہم عدلیہ کے اس تعاون پر پُرامید ہیں اور پُرامن طورپر اپنا حق لے کر رہیں گے۔نوازشریف بھی عدل کی تحریک چلا رہے ہیں۔ ان سے کہوں گاکہ عدل کرواور عدل لو۔ 7جنوری کو جماعت اسلامی کسان نمائندوں کے ساتھ شریف فیملی کے قریبی عزیزبرادرشوگرمل کے مالک میاں اسلم بشیر کے گھر کے باہر احتجاجی دھرنا دے گی۔اگر پنجاب میں47شوگرملوں کے مالکان نے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق کسانوں سے گنا180 روپے فی من نہ خریدااوراربوں روپے کے بقایاجات نہ اداکیے توکسان پورے پنجاب میں سراپااحتجاج بن جائیں گے۔