عالم اسلام بزدل قیادت کی وجہ سے عزت و وقار سے محروم ہے،حافظ ادریس

487

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ عالم اسلام بزدل قیادت کی وجہ سے عزت و وقار سے محروم ہے اور امریکا کی قیادت میں اسلام دشمنوں کی چیرہ دستیوں کی آماجگاہ بناہواہے ۔ سیسی سے بادشاہوں تک ہر جگہ دشمن کے آلہ کار بیٹھے ہیں جو امت کے مسائل کے حل کے بجائے دشمن کے مفادات کی حفاظت کر رہے ہیں ۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے سوا اس وقت عالم اسلام میں کوئی ایسا حکمران نظر نہیں آتا جو امت کو درپیش مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ ہو ۔ بیت المقدس پر امریکی اعلان کے خلاف پوری اسلامی دنیا سراپا احتجاج ہے مگر مسلم حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ محمد ادریس نے کہاکہ بیت المقدس کی آزادی کے لیے مسلم حکمرانوں کے اندر وہ تڑپ اور جرأت نظر نہیں آتی جو صلاح الدین ایوبی اور نور الدین زنگی کے دور میں تھی ۔ آج عالم اسلام کے پاس دنیا کی ساٹھ فیصد دولت موجود ہے مگر یہ دولت بزدل قیادت کی وجہ سے امت کے کام آنے کے بجائے دشمنوں کی عیش و عشرت کاذریعہ بنی ہوئی ہے ۔ کشمیر ، فلسطین اور اراکان سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں میں مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے مگر مسلم حکمرانوں کے اندر غیر ت و حمیت نام کی کوئی چیز نہیں کہ وہ دشمن کا ہاتھ روک سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام متحد ہو کر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والی جرأت مند قیادت کو سامنے لے کر آئے تاکہ امت کو غلامی کی زنجیروں سے رہائی مل سکے ۔