عید کے موقع پرقوم سانحہ منیٰ کے شہداء کو دعاؤں میں یاد رکھے،وزیراعظم

221

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قوم سانحہ منیٰ کے شہداء کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کرے ۔ ان کا کہنا ہے ہے سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہم کو اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اطاعت کا سبق دیتی ہے ۔

وزیراعظم نوازشریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ترقی کے مقاصد کو بارآور بنانے کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر ایک مرتبہ پھر اللہ تعالی کی اطاعت کے اس عزم کے اعادہ کا موقع مل رہا ہے کہ وہ اللہ تعالی کی فرمانبرداری اور اطاعت میں ثابت قدم رہے گی، اس سے انہیں اپنے یقین کو مزید پختہ کرنے کا موقع ملے گا جس میں انسانی بقاء کیلئے ایک برتر مقصد کی خاطر قربانی پر زور دیا گیا ہے ۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کامیابی سے آپریشن ضرب عضب جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر ہماری مسلح افواج کی طرف سے دکھائے گئے غیر متزلزل عزم سے ان قربانیوں کا بھی پتہ چلتا ہے جو وہ ہماری آزادی، خوشحالی اور عزت و وقار کیلئے دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہو جانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں، میں ان کو درپیش مشکلات کم کر کے بہتری لانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی دوبارہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں۔