ملکی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلیے جماعت اسلامی نے قربانیاں دی ہیں

123

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ نے قربانیاں دیں، بھارت جیسے ازلی دشمن نے اپنے ہمسایہ ملک کی پیٹھ پروارکرکے پاکستان کودولخت کیا ،سقوط ڈھاکا ایسا زخم ہے جوکبھی بھلایانہیں جاسکتا ، دوقومی نظریہ کے علمبردارجماعت اسلامی کے رہنماآج بھی بنگلا دیش میں پھانسی کے پھندے پرجھول رہے ہیں لیکن ہم اسلامی نظام کے قیام اورنظریہ پاکستان کے دفاع کے مشن سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، جماعت اسلامی سمیت پاکستان کا ہرنوجوان بھارت کے کسی بھی ایڈونچرکی صورت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی یوتھ دھمیال سرکل کے زیراہتمام ’’قائدکاپاکستان اور ہماری ذمے داریاں‘‘ کے موضوع پر منعقدہ فیملی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر دفاع پاکستان کیلیے مشرقی پاکستان میں قائم کی جانے والی تنظیم البدرکے بانی رکن کرنل (ر) عبدالقدوس،نائب امیر ضلع امتیازعلی اسلم، ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم ،نامزدامیدوارپی پی6محمدتاج عباسی ،خالدعمران اورکرنل (ر) عبدالقدوس ودیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا ۔