(کامرس ڈیسک)
ملک میں رواں مالی سال کےپہلے چھ ماہ ( جولائی تادسمبر) مہنگائی کی اوسط شرح 3.75 فیصد ارہی جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں نان فوڈ آئیٹم میں5.5فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق گزشتہ سال دسمبر کے مقابلےمیں دسمبر2017 میں مہنگائی کی شرح میں4.57 فیصد اضافہ ہوا ہے، نومبر 2017کے مقابلے میں دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں0.10فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق جولائی تادسمبرتعلیم پر اخرجات میں 11فیصداورعلاج معالجہ میں 17 فی صد اضافہ ہوا ہے، پیاز کی قیمت میں 112فیصد، ٹماٹر 27 فی صد، چاول 14 فی صد، چائے 11 فیصد، موٹر فیول 9 فی صد ،گوشت 7 فیصد، پھل 7 فی صد اور آلو 10فیصد مہنگے ہوئے۔
گھر کے کرائے میں7 فیصد، ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی فیس میں7فیصد، لانڈری میں6 فیصداضافہ ہوا ہے، چھ ماہ میں جن اشیا ء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں دال ماش 26فیصد ، دال چنا 23فیصد،چینی 19فیصد، دال مسور، دال مونگ 19فیصد، سگریٹ کی قیمت میں 17 فیصد، بیسن 16 فیصد اور گڑکی قیمت میں 8 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔
گزشتہ ایک ماہ میں چکن کی قیمتوں میں 23.67 فیصد اضافہ ہوا، ایک ماہ میں کیلا 4.41 فیصد ،سیب 3.56 فیصد،مٹی کا تیل 4.40 فیصد،گیس سلنڈر 8.22 فیصد، پیٹرول 1.95 فیصد،ڈیزل 1.61 فیصد اورچاول1.93 فیصد مہنگا ہوا،نان فوڈ آئیٹم کے لحاظ سے دسمبر 2017میں مہنگائی کی شرح میں5.5فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا۔