پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 13 رنز سے شکست دے دی ۔ پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلر عمادوسیم رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
زمبابوے کے شہر ہرارے میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لئے 137 رنز کا آسان ہدف دیا تھا ۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز اسکور کئے ۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ ایک کے مجموعی اسکور پر گری جب چھیبھابھا بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔ زمبابوے کی دوسری وکٹ 27 کے اسکور پر گری جب سی آر ارون 14 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ 49 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کی تیسری وکٹ گری جب سکندر رضا 10 گیندوں پر 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ زمبابوے کی چوتھی وکٹ 60 کے مجموعی اسکور پر گری جب مساکڈزا 25 گیندوں پر 25 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ زمبابوے کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایس سی ویلیم تھے جنہوں نے 11 گیندوں پر 14 رنز اسکور کیئے ۔ ان کی وکٹ بھی عماد وسیم نے حآصل کی ۔ 77 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کی چھٹی وکٹ گری جب موٹمبامی 9 گیندوں پر 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔ ساتویں وکٹ 90 کے مجموعی اسکور پر گری جب جونگوے 6 گیندوں پر 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔ زمبابوے کی نویں وکٹ 121 کے مجموعی اسکور پر گری جب چیکمبورا 28 گیندوں پر 31 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے ۔ ان کو وکٹ کیپر رضوان نے رن آؤٹ کیا ۔
پاکستان کی طرف سے عماد وسیم نے 11 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ زمبابوے کے تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔
اس سے پہلے پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقورہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 بنا کر زمبابوے کو جیتنے کے لئے 137 رنز کا ہدف دیا ۔ پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز احمد شہزاد اور مختار احمد نے کیا ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب احمد شہزاد 19 گیندوں پر 17 رنز بناکر چھیبھابھا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے ۔ دوسری وکٹ 25 رنز پرگری ۔ جب مختار احمد 4 گیندوں پر 4 رنز بناکر چھیبھابھا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 29 رنز پر گری جب صہیب مقصود 10 گیندوں پر 6 رنز بنا کر چھیبھابھا کی گیند پر کلین بولڈ ہو پویلین لوٹ گئے ۔ 71 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب 17 گیندوں پر 14 رنز بنا کر عمر اکمل پویلین لوٹ گئے ۔ ان کی وکٹ کریمر نے حاصل کی ۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے 24 گیندوں پر 35 رنز اسکور کئے ۔ شعیب ملک ویلیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ 133 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی ۔ جب عماد وسیم 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 136 رنز پر گری جب شاہد خان آفریدی 3 گیندوں پر دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ آٹھویں وکٹ بھی 136 رنز پر گری جب وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنا رن آؤٹ ہو گئے ۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے ۔