ایف بی آرکی ٹیکس آمدن بڑھانے میں کراچی کے تاجروں کردار اہم ہے

696

کراچی (کامرس رپورٹر)حکومت کی جانب سے درآمدات کو کم کرنے کی غرض سے خام مال اور خورونوش آئمٹز سمیت سیکڑوں اشیا پر درآمدی ڈیوٹیز کے نفاذ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس آمدن بڑھانے میں کراچی کے تاجروں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کا ثبوت رواں مالی سال 2017-18 کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے دوران ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ (ایم سی سی) اپریزمنٹ ایسٹ کی ٹیکس آمدن میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت 48 فیصد کی غیرمعمولی افزائش ہوئی ہے۔ عبوری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کلکٹریٹ نے مالی سال 2016-17 کی اسی مدت کے 144.79ارب روپے کے مقابلے میں 48.45 فیصد افزائش سے 214 ارب 96 کروڑ روپے کی ٹیکس آمدن حاصل کی ہے جس کی بدولت زیرتبصرہ مدت میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 17 فیصد بڑھ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس آمدن میں اضافے سے متعلق کراچی کے درآمدکنندگان، تاجروں اور صنعتکاروں کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کراچی کے دو بڑے کلکٹریٹس ایم سی سی ایسٹ اور ویسٹ نے مجموعی طور پر 353 ارب 53 کروڑ روپے کے ٹیکسز وصول کیے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 293 ارب 55 کروڑ روپے کے مقابلے میں 20.25 فیصد زیادہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زیرتبصرہ مدت میں اپریزمنٹ ویسٹ کی ڈیوٹی اور ٹیکس وصولی مالی سال 2016-17 کے 149 ارب 18 کروڑ روپے کے مقابلے میں 9.12 فیصد کمی سے 135ارب 57 کروڑ روپے رہی ہے مگر اس کمی کو اپریزمنٹ ویسٹ نے پورا کیا ہے جوکراچی کا مرکزی کلکٹریٹ ہے۔