امریکی دھمکیاں حقیقت میں اس کے عزائم کی عکاس ہیں،شمس الرحمن سواتی

254

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش بیرونی خطرات پرپوری قوم کومتحد ہوجاناچاہیے ،امریکی دھمکیاں حقیقت میں اس کے عزائم کی عکاس ہیں ،امریکا اوراستعماری قوتیں ہمیشہ سے پاکستان کی دشمن رہیں اورانہوں نے بھارت کودفاعی و معاشی لحاظ سے محفوظ کیا لیکن بدقسمتی سے پرویزمشرف سمیت پاکستان کے تمام سابق اورموجودہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسیوں کے باعث ہمیشہ ملکی سالمیت اور وقار کو نقصان پہنچا،اب وقت آگیا ہے کہ قوم ،حکمران اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پرآئیں اورامریکی پالیسیوں کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے مسلمانو ں کا خون بہانے والی نام نہاد عالمی فوج سے فی الفورہرسطح کا تعاون ختم کیا جائے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پی پی 7 اور پی 8میں اجتماعات ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ سب سے پہلے جماعت اسلامی کے سابق امیرسیدمنورحسن نے امریکی عزائم ، اس کی محسنوں سے غداری کے حوالے سے کھل کرجذبات کااظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی کی لڑائی پاکستان کونہیں لڑنی چاہیے لیکن اس وقت میڈیا میں ان کے خلاف ایک طوفان بدتمیزی بپاکیا گیا، آج پوری قوم اور میڈیا سمیت تمام ادارے گوامریکا گوکے نعرے بلند کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلیے ہمیشہ ہرطرح کی قربانیاں دی ہیں ،اسلامی نظام کے قیام کا مشن جاری رہے گا،ارکان وکارکنان رابطہ عوام مہم کو تیزکریں ۔