وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں سے بانکی مون کو آگاہ کیا اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی مداخلت روکنے کے لئے درخواست کی ۔
نیویارک میں ہونے والے ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے ، پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کو نئے سرے سے بہتر کرنا چاہتا ہے، پاکستان افغانستان کو ہر قسم کی امن بات چیت میں مدد فراہم کرنا چاہتا ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے موقع پر بانکی مون نے پاک بھارت سرحدی تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کریں، اگر بھارت اور پاکستان چاہئیں تو وہ کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ بانکی مون کا کہنا تھا امن مشنزمیں پاکستان اپنا بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اقوام متحدہ میں خاتون مندوب کی تقرری پر وزیراعظم نوازشریف کو سراہا۔ ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی بھی شریک تھیں ۔