مراد علی شاہ بمقابلہ قبضہ مافیا

522

وزیراعلیٰ سندھ جناب مراد علی شاہ بھی جوش میں آگئے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اب کراچی میں قبضہ مافیا سے زمینیں خود واگزار کرائیں گے۔ گزشتہ منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے افسوس اور حیرانی کا اظہار کیا کہ انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہے، کراچی کی زمینیں کسی کو نہیں لوٹنے دیں گے، قابضین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ قبضہ مافیا کے خلاف وزیراعلیٰ کا حرکت میں آنا اور مافیا کو چیلنج کرنا خوش آئند ہے۔ کاش یہ کام 9 سال سے ہورہا ہوتا تو قبضے کی زمینیں واگزار کرائی جاچکی ہوتیں۔ لیکن اس عرصے میں تو قبضہ مافیا پیپلزپارٹی سندھ کی حکومت میں شریک رہی چنانچہ کسی کو اسے ناراض کرنے کی ہمت نہیں ہوسکی۔ مافیا کے لوگ زرداری کی وفاقی حکومت میں بھی شریک رہے۔ ہر وقت یہی خدشہ رہا کہ قبضہ مافیا نے اگر اپنی حمایت واپس لے لی تو حکومت گر جائے گی۔ جہاں تک کراچی میں قبضہ مافیا کی لوٹ مار اور قبضہ گیری کا تعلق ہے تو اس کی تاریخ 9 سال سے بھی پہلے کی ہے۔ یہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی ایجاد ہے جس پر اس کی پوری ٹیم نے بڑے جوش و خروش اور ’خلوص‘ سے عمل کیا۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق میئر کراچی مصطفی کمال کے بھی پول کھل رہے ہیں اور موجودہ میئر وسیم اختر بھی الطاف حسین کی ٹیم کے فعال رکن تھے۔ اب سارا ملبہ الطاف حسین پر ڈال کر خود الگ جاکھڑے ہوئے۔ لیکن کراچی کو لوٹنے میں ایم کیو ایم تنہا نہیں تھی بلکہ جس کا جہاں زور ہوا وہ زمینوں پر قبضہ کرکے بیٹھ رہا۔ البتہ چائنا کٹنگ ایم کیو ایم کی ایجاد ہے۔ کراچی میں سندھ کی اہم ترین سیاسی شخصیات نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ اس ضمن میں آصف علی زرداری کا نام بھی لیا جاتا ہے کہ انھوں نے یہ کام اپنے فرنٹ مین سے کروائے۔ وزیراعلیٰ سندھ ان اہم شخصیات سے تو زمینیں اور عمارتیں واگزار کرانے کی ہمت نہیں کرسکتے چنانچہ سارا زور ایم کیو ایم ہی پر رہے گا۔ ایک بار پھر یہ سوال کہ جب زمینوں، رفاہی پلاٹوں اور پارکوں پر قبضہ کیا جارہاتھا اور اس پر شور بھی مچ رہا تھا، اخباروں میں خبریں بھی آرہی تھیں تو سندھ حکومت کہاں تھی؟۔ اب مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ ’’انتظامیہ کی بے بسی دیکھ کر حیران ہوں‘‘ لیکن اب تک تو سندھ حکومت کی بے بسی حیران کررہی تھی۔ مراد علی شاہ نے انتظامیہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے لیکن حکومت تو انتظامیہ ہی چلاتی ہے جس کا سربراہ وزیراعلیٰ ہوتا ہے۔ چنانچہ انتظامیہ اپنے سربراہ کی مرضی کے مطابق ہی کام کرتی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ انتظامیہ بے بس نہیں بلکہ اس کے سامنے وزیراعلیٰ بے بس ہوسکتا ہے ورنہ کسی سرکاری ملازم کی کیا مجال کہ وہ وزیراعلیٰ کی منشا کے خلاف کام کرسکے۔ لیکن کیا مراد علی شاہ اپنی انتظامیہ سے حسب منشا کام لے سکیں گے۔ یہ بھی یاد رہے کہ زمینوں پر قبضے صرف کراچی میں نہیں ہوئے بلکہ قبضہ مافیا پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم آج کل عتاب میں ہے اس لیے ہر الزام اس پر دھرا جاسکتا ہے لیکن کیا یہی کام اندرون سندھ نہیں ہوا؟ اطلاعات تو یہ بھی ہیں کہ فوج کے نام پر ڈیفنس سوسائٹیاں بنانے میں بھی گھپلے ہوئے ہیں اور بحریہ ٹاؤن کے نام سے ملک ریاض کو جو زمینیں عطا کی گئی ہیں ان پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے بڑے اہم کام کا بیڑا اٹھایا ہے چنانچہ دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ وہ خود قبضہ مافیا کے سامنے بے بس نہ ہوجائیں۔ لیکن یہ کام اس وقت کیوں یاد آیا جب نئے انتخابات سر پر ہیں۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ زمینوں پر قبضہ کرنے والوں سے ضرور نمٹیں لیکن اس سے پہلے ایک آسان کام یہ کریں کہ تجاوزات مافیا کو لگام دیں۔ ایک دن تجاوزات ہٹائی جاتی ہیں دوسرے دن لگ جاتی ہیں۔ گزشتہ منگل ہی کو صدر میں لٹھ بردار تجاوزات مافیا نے سڑکوں پر دوبارہ قابض ہونے کی کوشش میں ناکام ہوکر گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے، ٹریفک جام کردیا۔ اور ایک خبر یہ ہے کہ بلڈر مافیا بھی من مانی کررہی ہے اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی زیر سرپرستی شمالی کراچی میں رہائشی پلاٹوں پر فلیٹ تعمیر کیے جارہے ہیں۔ مراد علی شاہ کمر کس لیں، انہیں بہت سی مافیاؤں سے نمٹنا ہوگا، نوکر شاہی کی مافیا الگ ہے۔ لیکن مراد علی شاہ نے اتنی دیر کیوں کردی؟۔