آداب زندگی

357

طہارت و نظافت کے آداب
-13 وضو اہتمام کے ساتھ کیجیے، اور اگر ہر وقت ممکن نہ ہو تو اکثر اوقات باوضو رہنے کی کوشش کیجیے۔ جہاں پانی میسر نہ ہو تیمم کرلیا کیجیے۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم کہہ کر وضو شروع کیجیے اور وضو کے دوران یہ دُعا پڑھیے۔
(ترمذی)
’’میں گواہی دیتا ہوں کہ خدا کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ یکتا ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے بندے اور اس کے رسول ہیں، اے اللہ! مجھے ان لوگوں میں شامل فرما جو بہت زیادہ توبہ کرنے والے اور بہت زیادہ پاک و صاف رہنے والے ہیں‘‘۔
اور وضو سے فارغ ہوکر یہ دعا پڑھیے۔
(نسائی)
’’اے اللہ! تو پاک و برتر ہے اپنی حمد و ثنا کے ساتھ، میں گواہی دیتا ہوں کہ کوئی معبود نہیں مگر تُو ہی ہے، مَیں تجھ سے مغفرت کا طالب ہوں اور تیری طرف رجوع کرتا ہوں‘‘۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے ’’قیامت کے روز میری اُمت کی نشانی یہ ہوگی کہ ان کی پیشانیاں اور وضو کے اعضا نور سے جگمگا رہے ہوں گے۔ پس جو شخص اپنے نور کو بڑھانا چاہے بڑھالے‘‘۔
(بخاری، مسلم)
-14 پابندی کے ساتھ مسواک کیجیے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اگر مجھے اُمت کی تکلیف کا خیال نہ ہوتا تو میں ہر وضو میں ان کو مسواک کرنے کا حکم دیتا۔
15۔ ہفتہ میں ایک بار تو ضرور ہی غسل کیجیے، جمعہ کے دن غسل کا اہتمام کیجیے اورصاف ستھرے کپڑے پہن کر جمعہ کی نماز میں شرکت کیجیے۔ نبیؐ نے فرمایا امانت کی ادائیگی آدمی کو جنت میں لے جاتی ہے ۔ صحابہ نے پوچھا یا رسول اللہ ؐامانت سے کیا مراد ہے ؟ فرمایا: ناپاکی سے پاک ہونے کے لیے غسل کرنا ‘اس سے بڑھ کر خدا نے کوئی امانت مقرر نہیں کی ہے پس جب آدمی کو نہانے کی حاجت ہو جائے تو غسل کرے ۔
16۔ ناپاکی کی حالت میں نہ مسجد میں جایئے اور نہ مسجد میں سے گزریئے اور اگر کوئی اور صورت ممکن ہی نہ ہو تو پھر تیمم کر کے مسجد میں جایئے یا گزریئے ۔
17۔ بالوں میں تیل ڈالنے اور کنگھا کرنے کا بھی اہتمام کیجیے ۔ڈاڑھی کے بڑھے ہوئے بے ڈھنگے بالوں کو قینچی سے درست کر لیجیے ، آنکھوںمیں سرمہ بھی لگایئے ، ناخن تراشنے اور صاف رکھنے کا بھی اہتمام کیجیے ، اور سادگی اور اعتدال کے ساتھ مناسب زیب و زینت کا اہتمام کیجیے ۔
18 چھینکتے وقت منہ پر رومال رکھ لیجیے تاکہ کسی پر چھینٹ نہ پڑے ۔چھینکنے کے بعدالحمد للہ ’’خدا کا شکر ہے‘‘ کہیے ، سننے والا یرحمک اللہ’’خدا آپ پر رحم فرمائے‘‘ کہے اور اس کے جواب میں ’’عدیک اللہ‘‘ خدا آپ کو ہدایت بخشے کہیے ۔
19 خوشبو کا کثرت سے استعمال کیجیے ، نبیؐ خوشبو کوبہت پسند فرماتے تھے ۔ آپ ؐ سو کر اٹھنے کے بعد جب ضروریات سے فارغ ہوتے تو خوشبو ضرور لگاتے ۔