جولائی تا دسمبر17 ءسیمنٹ کی پیداواری گنجائش95فیصد تک ریکارڈ

538

جولائی تا دسمبر17 ءسیمنٹ کی پیداواری گنجائش95فیصد تک ریکارڈ
کراچی(کامرس رپورٹر) گزشتہ چار برسوں سے سیمنٹ کی کھپت میں مسلسل بہتری کی وجہ سے رواں سال گزشتہ ششماہی جولائی تا دسمبر 2017 سیمنٹ کی مجموعی کھپت 22.243 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس اس عرصے کے لیے 19.806ملین ٹن تھی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 6 ماہ میں مقامی کھپت 19.836ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس سے 17.41 فیصد زیادہ ہے جبکہ گزشتہ برس جولائی تا دسمبر 2016ءمیں یہ کھپت 16.895 ملین ٹن تھی، تاہم اس عرصے میں برآمدات میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور اس کی وجہ سے مجموعی نمو بھی متاثر رہی جبکہ برآمدات میں 17.34 فیصد کمی واقع ہوئی جو جولائی تا دسمبر 2016ءمیں 2.911 ملین ٹن سے کم ہو کر رواں ششماہی میں 2.406 ملین ٹن تک کم ہوگئیں۔پنجاب اور خیبر پختونواہ کے علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی ششماہی جولائی تا دسمبر 2017ءمیں مقامی کھپت 16.455 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس سے 18.12 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ برس اس عرصے میں مقامی کھپت 13.930ملین ٹن تھی۔ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی مقامی کھپت رواں ششماہی جولائی تا دسمبر 2017ءمیں 3.382 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 14.06 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس مقامی کھپت اس عرصے کے لیے 2.965 ملین ٹن تھی۔جنوبی علاقے میں قائم صنعت کی برآمدات میں کمی باعث تشویش ہے جس میں 36.23 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو جولائی تا دسمبر 2016ءمیں 0.953 ملین ٹن تھیں اور کم ہو کر رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 2017ءمیں 0.608 ملین ٹن تک رہ گئیں۔ شمالی علاقے کی برآمدات بھی کمی کا شکار رہی ہیں اور اس میں 8.14 فیصد کمی واقع ہوئی جو جولائی تا دسمبر 1.799 ملین ٹن تھیں جبکہ گزشتہ برس برآمدات 1.958 ملین ٹن تھیں۔برآمدات میں کمی کی وجہ کاروباری لاگت میں اضافہ اور ساتھ ہی ریگولیٹر کا سیمنٹ کی درآمدات میں جاری قوانین کے خلاف عمل کے حوالے سے نرم رویہ ہے، اس کے ساتھ ہی ریگولیٹر سیمنٹ مینوفیکچررز کی ٹیکسوں اور برآمدات کے حوالے سے ٹیکسوں میں چھوٹ کی درخواست کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں اور ان میں کمی نہیں کی جارہی ہے اس لیے صنعت عالمی مقابلے کے قابل نہیں بن پارہی ہے۔ دسمبر 2017ء میں صنعت کی کھپت 3.730 ملین ٹن تھی جو گزشتہ سال اس ماہ کے مقابلے میں 4.94 فیصد زیادہ ہے جبکہ گزشتہ برس اس ماہ صنعت کی کھپت 3.555 ملین ٹن تھی۔ دسمبر 2017ءکو برآمدات میں 11.25 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 0.328 ملین ٹن تک رہ گئیں جو گزشتہ برس دسمبر میں 0.369 ملین ٹن تھیں۔ مقامی کھپت میں 6.82 فیصد اضافہ ہوا جو 3.185 ملین ٹن دسمبر 2016ء میں تھیں جبکہ دسمبر 2017ءمیں یہ 3.403 ملین ٹن ہوگئیں۔