نوجوان نے قرانِ پاک حفظ کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا

3231

لاہور: (ویب ڈیسک) محمد شلبی نامی 17 سالہ نوجوان نے صرف ایک سال کے عرصے میں آدھے سے زیادہ قرانِ پاک کو حفظ کر لیا تھا۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنے تجربات مسلمانوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ امریکا میں مقیم نوجوان محمد شلبی کا کہنا ہے کہ ان کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے دیگر مسلمان بھی قرآنِ پاک کو یاد کرنے کے عمل کو خود کیلئے آسان بنا سکتے ہیں۔

محمد شلبی نامی اس نوجوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس قرآن مجید کا ایسا نسخہ موجود ہے جس کے ہر صفحے کے آخر پر آیت کا بھی اختتام ہوتا ہے، یعنی ہر صفحہ نئی آیت سے شروع ہوتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ آپ سہولت کے ساتھ ایک صفحہ روزانہ حفظ کر سکتے ہیں۔ نوجوان نے بتایا کہ میں نمازِ فجر کے بعد ایک صفحے کے حفظ کا آغاز کرتا ہوں اور طلوع آفتاب سے قبل تک ایک ایک آیت کر کے حفظ کرتا ہوں، یاد کی گئی آیات کو بار بار پڑھتا ہوں، یہاں تک کہ غلطی کا امکان نہ رہے۔ اس کے بعد دن میں جب بھی نماز کی ادائیگی کرتا ہوں تو حفظ کئے گئے صفحے کی آیات کو نماز میں بھی پڑھتا ہوں۔ اس طرح سارا دن یہ آیات بار بار دہرائی جاتی ہیں۔

محمد شلبی کا کہنا ہے کہ میں رات کو سونے سے قبل ایک بار پھر پورے صفحے کو دہراتا ہوں۔ اس طرح مجھے ایک دن میں ایک صفحہ بہت اچھی طرح یاد ہو جاتا ہے۔ میرے پاس موجود قرآن مجید کے نسخے کے کل 604 صفحات ہیں جن میں سے تقریباً نصف میں نے ایک سال کے دوران بہت اچھی طرح یاد کر لئے ہیں۔ میں عموماً نماز فجر سے قبل نوافل بھی ادا کرتا ہوں اور دن میں فارغ وقت ملے تو اس دوران بھی یاد کئے گئے صفحے کو دہرا لیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک صفحے کی تلاوت کے لئے مختصر سا وقت درکار ہوتا ہے، لہٰذا آپ اسے کسی بھی وقت دہرا سکتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ آپ خود کو روزانہ ایک صفحے تک ہی محدود رکھیں تو بہتر ہے۔ میرے کچھ دوست یومیہ اس سے زیادہ بھی حفظ کر رہے ہیں۔ میں نے بھی روزانہ دو صفحات کی کوشش کی لیکن یہ میرے لئے مشکل ثابت ہوا۔ بجائے اس کے کہ زیادہ کی کوشش میں آپ کی حوصلہ شکنی ہو، آپ کو چاہیے کہ جتنا با آسانی حفظ کرسکتے ہیں اتنا ہی کریں۔