کراچی(اسٹاف رپورٹر)مردم شماری نتائج کے اجراء کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مردم شماری نتائج کے اجراء کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر ادارہ شماریات کامران مائیکل کے مطابق ضلع، تحصیل اور بلاک کی سطح کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عام انتخابات 2018ء کا بروقت انعقاد ہے۔
مردم شماری نتائج کے مطابق، پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 نفوس پر مشتمل ہے۔ صوبہ خیبر پختوانخوا کی آبادی 3 کروڑ 5 لاکھ 23 ہزار 371 نفوس پر مشتمل ہے۔ فاٹا کی آبادی 50 لاکھ 1 ہزار 676 نفوس پر مشتمل ہے۔ صوبہ پنجاب کی آبادی 11 کروڑ 12 ہزار 442 نفوس پر مشتمل ہے۔ اسلام آباد کی آبادی 20 لاکھ 6 ہزار 572 نفوس پر مشتمل ہے۔ صوبہ بلوچستان کی آبادی 1 کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408 نفوس پر مشتمل ہے جبکہ صوبہ سندھ کی آبادی 4 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 51 نفوس پر مشتمل ہے۔